اسلام آباد (جیوڈیسک) برطانوی ہائی کمشن نے کہا ہے کہ برطانیہ کے قانون میں اشتعال انگیزی پھیلانا جرم ہے اور اس کے خلاف سخت قوانین موجود ہیں۔ ترجمان برطانوی ہائی کمشن نے کہا ہے کہ برطانیہ میں اشتعال انگیزی پھیلانے کو ایک سنجیدہ جرم تصور کیا جاتا ہے اور اس پر سخت قوانین موجود ہیں۔
ترجمان نے کہا ہے کہ جرائم سے نمٹنا برطانوی پولیس کا کام ہے اور برطانوی پولیس آزادانہ طور پر بغیر کسی دبائو کے کام کرتی ہے۔دوسری طرف ذرائع کے مطابق لندن میں برطانوی سیکرٹری داخلہ کی سربراہی میں ہوم آفس میں اہم اجلاس ہوا جس میں میں ایم فائیو اور ایم سکس کے ڈائریکٹرز بھی موجود تھے۔
پاکستان میں تعینات برطانوی ہائی کمیشنر نے اجلاس میں ایم کیو ایم سے متعلق دستاویزات اور رپورٹ پیش کی۔ پاکستان کے مطالبات پر بھی غور کیا گیا۔ پاکستان نے برطانیہ سے اشتعال انگیز تقاریر پر پابندی لگانے کا مطالبہ کر رکھا ہے۔
ذرائع کے مطابق برطانوی ہائی کمیشنر نے ڈاکٹر فاروق قتل کیس کی اہم دستاویزات بھی ہوم آفس کو پیش کیں۔