سرینگر / لندن: برطانوی پارلیمنٹ نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایکفیکٹ فائنڈنگ مشن مقبوضہ کشمیر بھیجے گی۔
مسئلہ کشمیر پر اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد کیلیے برطانوی ممبران پارلیمنٹ کا ایک وفد اقوام متحدہ میں بھیجا جائے گا جو اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل اور دیگر عہدیداران سے مل کر کشمیر پر اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد کیلیے زور دے گا۔ اسی طرح مسئلہ کشمیر کے حل کیلیے برطانیہ میں ایک کانفرنس بلائی جائے گی جس میں بھارت اور پاکستان کے نمائندے شریک ہوں گے، اس بات کا فیصلہ برطانوی پارلیمنٹ ہائوس آف کامنز میں آزاد کشمیر کے سابق وزیر اعظم بیرسٹر سلطان محمود چوہدری اور برطانوی پارلیمنٹ کے ممبر و برطانوی پارلیمنٹ میں قائم آل پارٹیز کشمیر کمیٹی کے چیئرمین اینڈریو گرفتھس کے درمیان ڈیڑھ گھنٹے کی تفصیلی ملاقات میں کیا گیا، اس موقع پر اینڈریو گرفتھس نے بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کو یقین دلایا کہ وہ کشمیریوں کو حق خود ارادیت دلوانے کیلیے تیار ہیں اور ہم ہر فورم پر اس سلسلے میں آواز اٹھائیں گے، مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم کی برطانوی پارلیمنٹ مذمت کرتی ہے۔