یارک شائر میں واقع 43 گھروں اور ایک محل پر مشتمل ایک گائوں صرف 2 کروڑ پائونڈ میں فروخت کے لیے پیش کر دیا گیا ہے ۔ یہ گائوں 150 برس سے یہاں مقیم خاندانوں کے ساتھ فروخت کیا جا رہا ہے۔
یارک شائر (یس اُردو) ویسٹ ہیسلر ٹن نامی اس گائوں کی خریداری میں یارک شائر سمیت شمالی یورپ اور مشرق وسطیٰ کے امیر ترین افراد بھی دلچسپی لے رہے ہیں تاہم گائوں کے مکینوں کو اس بات کا خدشہ ہے کہ اب ان کا کرایہ بڑھ جائے گا جو گزشتہ مالک نے جان بوجھ کر کم مقرر کیا تھا۔ مذکورہ گائوں کی فروخت کے لیے کوشش کرنے والی سٹیٹ ایجنسی کے ڈائریکٹر ٹام واٹسن کا کہنا ہے کہ اس گائوں میں وقت اب تک رکا ہوا ہے ۔میرا خیال ہے کہ اسے کوئی کاروباری شخص خریدے گا جو کرایوں میں اضافہ کر دے گا یا پھر ایسا مال دار شخص جو 150 برس قبل مقرر کردہ کرائے پر کرائے داروں کو رکھ سکے ۔ اخبار کے مطابق مذکورہ گائوں میں 21 کمروں پر مشتمل ایک محل بھی موجود ہے اس کے علاوہ ایک عدد فلنگ سٹیشن، کھیل کا میدان اور 2116 ایکڑ پر مشتمل زرعی اراضی بھی یہاں موجود ہے ۔