بھارت میں برکس کا سربراہ اجلاس آج شروع ہو رہا ہے ۔ اجلاس میں شرکت کے لیے چینی صدر سمیت رکن ممالک کے سربراہان بھارت پہنچ گئے – اجلاس سے پہلے روس اور بھارت کے درمیان توانائی اور دفاع کے 16معاہدوں پر دستخط بھی ہوئے۔
برازیل،روس،بھارت ،چین اور جنوبی افریقہ پر مشتمل 5ممالک کا2روزہ سربراہی اجلاس آج بھارتی شہر گوا میں شروع ہورہا ہے ۔ اجلاس سے قبل چینی صدراور مودی کے درمیان ملاقات ہوئی ۔
چین کے صدر شی جن پنگ نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کی ، دونوں رہنماؤں نے باہمی تعاون کے فروغ پر اتفاق کا اظہار کیا ۔
اس موقع پر چین کے صدر کا کہنا تھا کہ چین اور بھارت کو اسٹریٹجک پارٹنرشپ مسلسل بہتر بنانی چاہیے ۔ چین اور بھارت کے مستحکم تعلقات نہ صرف دونوں ممالک کی ترقی کے لیے اہم ہے بلکہ ترقی پذیر ممالک کے لئے بھی فائدہ مند ہیں ۔
اس موقع پر نریندر مودی کا کہنا تھا کہ چین اور بھارت کو ہاتھ ملاکر اس صدی کو ایشیا کی صدی بنانا چاہیے ۔اس سے قبل چینی صدر اور روسی صدر ہم منصب میں بھی ملاقات ہوئی ۔
دوسری جانب بھارتی اخبارکے مطابق برکس اجلاس میں بھارت پاکستان کے خلاف سفارتی دباؤ بڑھائے گا اور دہشت گردی کے خطرے سے نمٹنے کےلیے تعاون حاصل کرنے کی کوشش کرے گا ۔
معروف امریکی نیوز ویب سائٹ ہفنگٹن پوسٹ نے لکھا ہے کہ بھارت کی مودی سرکار 5ابھرتی ہوئی معیشتوں کی تنظیم برکس کے اجلاس کو پاکستان سے نفرت کے لیے استعمال کر کے غلطی کر رہی ہے۔