برسلز (پ۔ر) چیئرمین کشمیر کونسل ای یو علی رضاسید نے باچاخان یونیورسٹی چارسدہ پر حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے علم پر جہالت کاسفاکانہ حملہ قرار دیاہے۔برسلزسے جاری ہونے والے اپنے ایک بیان میں انھوں نے کہاکہ یہ وحشیانہ اورغیرانسانی فعل ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔
انھوں نے کہاکہ یونیورسٹی علم اورروشنی پھیلانے کا مرکزتصور کیا جاتا ہے اور اس پر حملہ ہرگزقابل قبول نہیں۔ چیئرمین کشمیرکونسل ای یو نے اس حملے میں شہیداورزخمی ہونے والے طلبہ اور اساتذہ کے خاندانوں کے ساتھ گہری ہمدردی کا اظہارکیا اور کہاکہ انہیں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرا دکھ ہواہے اور ان کا دل اس واقعے پر بہت افسردہ ہے۔ انھوں نے باچاخان یونیورسٹی میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن میں حصہ لینے والے سیکورٹی اہلکاروں کی جرتمندی اوربہادری کو سراہا۔
علی رضاسید نے کہاکہ کشمیرکونسل ای یو ہرقسم کی دہشت گردی اور انتہاپسندی کے خلاف ہے۔ دہشت گردی کا واقعہ چاہے ، چارسدہ میں ہویاپشاورمیں یا جکارتہ، فرانس اور کیلیفورنیا سمیت دنیاکے کسی بھی خطے میں ہو، قابل مذمت ہے۔ پاکستان کے لوگوں کو متحد ہوکر دہشت گردی جیسی لعنت کا مقابلہ کرناہوگا اور دہشت گردوں کے خلاف جاری جدوجہد میں بھرپورتعاون کرناہوگا۔