برسلز (پ۔ر) بلجیم کے دارالحکومت برسلزکے علاقے ”مولن بیک” میں کشمیری ثقافت کے بارے میں تین روزنمائش کا آغاز ہو گیا۔ یہ نمائش مولن بیک کی کمیون کی عمارت میں ہورہی ہے جس کا اہتما م کشمیر کونسل یورپ (ای یو) نے کیا ہے جبکہ میزبانی کے فرائض پاکستانی نژاد خاتون کونسلر شازیہ منظورانجام دے رہی ہیں۔”کشمیر کی خوبصورتی مولن بیک میں” کے عنوان سے یہ نمائش اتوار24اپریل تک جاری رہے گی۔نمائش میں کشمیری ثقافت سے متعلق فن پارے اوردستکاری کاسامان رکھاگیاہے ۔ نمائش کے افتتاح کے موقع پرکشمیری میوزک کا بھی اہتمام کیاگیاتھااور کشمیری لباس کی بھی نمائش کی گئی ۔ نمائش کا افتتاح مولن بیک کی میئرمادام فرانسواسکپمانزنے کیااوراس موقع پر بلجیم میں پاکستا ن کی سفیر محترمہ نغمانہ ہاشمی بھی موجودتھیں۔ بڑی تعدادمیں لوگوں نے نمائش کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی اور نمائش میں رکھی گئی اشیاء میں اپنی دلچسپی کا اظہارکیا۔اس موقع پر چیئرمین کشمیرکونسل ای یوعلی رضاسیدنے کہا کہ نمائش کا مقصد کشمیری ثقافت کو اجاگرکرنے کے ساتھ ساتھ لوگوں کومقبوضہ کشمیرکی تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کرنا ہے۔افتتاحی تقریب میں کشمیرانفو کے چیئرمین میرشاہجہان، کشمیرکونسل ای یو کے سینئرنائب صدر چوہدری خالد جوشی،سابق صدر پریس کلب رائو مستجاب، صدر مسلم لیگ ن بلجیم حاجی پرویز، کشمیری رہنماء سردارصدیق اور دیگر ممتازسیاسی و سماجی خصوصاً آصف جمیل ، حاجی منظورالہی، محمد افضل، مقامی کونسلرز، خواتین اور بچے اور بلجیم میں سفارتخانہ پاکستان کا عملہ اوران کی فیملیز اور بلجیم میں مقیم دیگر متعدد کشمیری ، پاکستانی باشندے، دیگر ممالک کے شہری اور یورپین کی بڑی تعداد بھی موجود تھیں۔