برسلز (پ۔ر) کشمیرکونسل یورپ (ای یو) کے چیئرمین علی رضاسید نے اعلان کیاہے کہ بھارتی وزیراعظم کے دورہ بلجیم کے اوقات کو دیکھتے ہوئے مظاہرے کے پروگرام میں ردوبدل کیاگیاہے۔ نئے شیڈول کے مطابق، یہ مظاہرہ 31 مارچ جمعرات کے بجائے 30مارچ بروزبدھ ہوگا۔اپنے تازہ ترین بیان میں انھوں نے کہاکہ صرف دن میں تبدیلی کی گئی البتہ مظاہرے کی جگہ اور وقت وہ ہی رہے گا۔ مظاہرے کے علاوہ ایک روزہ احتجاجی کیمپ بھی لگایاجارہاہے۔ یہ پروگرام دن ساڑھے بارہ بجے برسلزمیں ای یو کونسل اور کمیشن کے دفاتر کے سامنے Place Schuman(Metro Stop Schuman) کے مقام پر شروع ہوگا ۔
علی رضاسیدنے بتایاکہ اس مظاہرے کے سلسلے میں کشمیرکونسل ای یو کو دیگر تنظیمو ں کا تعاون اور حمایت حاصل ہے۔ متعدد شخصیات اورتنظیموں کے عہدیداروں نے یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ اس احتجاج میں بھرپورطورپر شریک ہوں گے اور اس پروگرام کو کامیاب بنانے میں پورا پورا تعاون کریں گے۔ کشمیرکونسل ای یو مختلف تنظیموں اور سیاسی اورسماجی رہنماؤوں سے رابطے میں ہے۔یہ مظاہرہ مظلوم کشمیریوں کے ساتھ ساتھ بھارت میں بسنے والے تمام دبے ہوئے اور محکوم طبقات کی حمایت میں اوربھارتی حکومت کے ظالمانہ اقدامات کے خلاف ہورہاہے۔