برسلز (پ۔ر) چیئرمین کشمیر کونسل ای یو علی رضا سید نے کہاہے کہ سابق وزیراعظم آزاد کشمیر اور بزرگ کشمیری رہنماء سردار عبدالقیوم خان کی وفات ایک ناقابل تلافی نقصان ہے برسلزسے جاری ہونے والے ایک تعزیتی بیان میں انھوں نے کہاکہ ان کی وفات سے پاکستان، کشمیرکے دونوں حصوں اور بیرون ممالک بسنے والے کشمیریوں میں غم کی شدید لہر دوڑ گئی ہے۔
انھوں نے کہاکہ سردارقیوم خان کا پوری کشمیری قوم کے دلوں میں بہت احترام تھا اور انہیں ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتاتھا۔تمام کشمیری غم کی اس گھڑی میں مرحوم کے خاندان کے ساتھ کھڑے ہیں۔
چیئرمین کشمیرکونسل ای یو نے سردارعبدالقیوم خان کی کشمیری قوم کے لیے سیاسی اور سماجی خدمات کو سراہا اور اللہ تعالیٰ سے دعا کی کہ وہ مرحوم کو جواررحمت میں جگہ دے۔ان کے خاندان اور کشمیری قوم کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی ہمت عطا کرے۔
سابق صدر و وزیراعظم آزاد کشمیر سردار قیوم خان جو مجاہد اول کے نام سے مشہورتھے، جمعہ کے روز راولپنڈی کے ایک ہسپتال میں انتقال کرگئے۔ ان کی عمر 91 برس تھی اور وہ گذشتہ چند سالوں سے پھیپھڑوں کے عارضے میں مبتلا تھے۔ وہ آزاد کشمیرکی سب سے قدیم جماعت مسلم کانفرنس کے سپریم لیڈر تھے اور ان کا شمار تحریک آزاد کشمیرکے بانیوں میں ہوتا تھا۔ وہ تحریک آزادی پاکستان کے بھی فعال رکن رہے ہیں۔