ٹیکسلا: خان پور کے علاقے بانڈی میں گھر میں گھس کر ماں اور 3 بچیوں کو بے دردی سے قتل کرنے والا سفاک قاتل بچیوں کا باپ نکلا۔
ٹیکسلا میں خان پور کے نواحی علاقے بانڈی میں 4 روز قبل نامعلوم افراد نے ایک گھر میں گھس کر ماں اور اس کی 3 بیٹیوں کو قتل کردیا تھا اور جائے وقوعہ سے باآسانی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے تھے۔ تاہم پولیس حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ ماں اور 3 معصوم بچیوں کو قتل کرنے والا سفاک قاتل باپ اپنے 3 ساتھیوں سمیت گرفتار کرلیا گیا ہے جب کہ ملزمان نے اپنے جرم کا اعتراف بھی کرلیا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق ملزم شوہر شفاقت زمان اور اس کی بیوی صدف اختر کے مابین جائیداد کا تنازع تھا ۔ ملزم ایک سال سے اپنے گھر سے غائب تھا تاہم 4 روز قبل اس نے اپنے چچا زاد بھائیوں کے ہمراہ اپنے ہی گھر میں گھس کر اپنی بیوی صدف، 9 سالہ بیٹی ایمان شہزادی، 7 سالہ زرقہ اور 5 سالہ زینب کو بے دردی سے قتل کردیا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی آئی جی خیبرپختون خوا نے نوٹس لے کر ڈی پی او سے 3 روز میں رپورٹ طلب کی تھی جس پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم شفاقت زمان اور اس کے 3 چچا زاد بھائیوں کو گرفتار کرلیا ہے ۔ دوران تفتیش ملزم نے اعتراف کیا ہے کہ اس نے اپنی بیوی اور بچیوں کو جائیداد کے لئے قتل کیا ہے۔