کاشتکاروں کو بجٹ میں ریلیف دیا جائے ، حکومت کو زرعی شعبے کیلئے ٹھوس حکمت عملی تیار کرنا ہوگی :سابق وزیر اعظم
ملتان (یس اُردو) سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ حکومت بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کیساتھ مہنگائی کم کرے اور کاشتکاروں کو بھی ریلیف دے ، بصورت دیگر پیپلز پارٹی پارلیمنٹ میں عوام کے ریلیف کیلئے بھرپور آواز اٹھائے گی ۔ ملتان ائیر پورٹ پر دنیا نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نے اپنے دور اقتدار میں پھٹی کی قیمت پچپن سو روپے مقرر کی جبکہ چاول ، گندم اور گنے کی ایکسپورٹ سے کاشتکاروں کو حقیقی ریلیف دیا جس کیلئے موجودہ حکومت کو بھی ٹھوس حکمت عملی تیار کرنا ہو گی ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم میاں نواز شریف کی صحت یابی کیلیے دعا گو ہوں تاہم بجٹ میں مہنگائی کو کم کرنے اور عوام کیلئے بھرپور آواز اٹھائیں گے ۔ اس موقع پر یوسف رضا گیلانی نے بلدیاتی نمائندوں کو اختیارات نہ دینے پر بھی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور بلدیاتی الیکشن کو منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے نو منتخب عہدیداروں کو اختیارات دینے کا مطالبہ کیا ۔