اسلام آباد(ایس ایم حسنین) متحدہ عرب امارات میں عید الاضحی کے موقع پر منفرد انداز میں عید کی مبارک باد پیش کی گئی۔ اس موقع پر وہاں مقیم مسلمان تارکین وطن اور اماراتیوں کا جوش و خروش دیدنی ہے۔ امارات میں حج اور عید کے پیغامات دینے کے لیے منفر د انداز اختیار کیا گیا۔ بُرج خلیفہ جو کہ دُنیا کا بلند ترین ٹاور ہے، وہ رات عشاء کے بعد حج کی تکبیرات اور عید مبارک کے پیغامات سے جگمگا اُٹھا۔ اس نظارے کو دیکھ کر اہل ایمان کے دل خوشی سے کھِل اُٹھے اور انہوں نے اماراتی حکومت کی جانب سے عید اور حج کی مبارکبادکا پیغام بُرج خلیفہ کے ٹاور کے برقی قمقموں کی مدد سے ڈسپلے کرنے پر مسرت کا اظہار کیا۔ گلف نیوز کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ اگلے کئی روز تک بُرج خلیفہ پر عشاء کی اذان کے بعد تکبیرات اور عید مبارک کے پیغامات ڈسپلے ہوتے رہیں گے۔ یہ نظارہ دیکھنے کے لیے گزشتہ رات بھی ہزاروں افراد بُرج خلیفہ کے پاس پہنچ گئے۔ بُرج خلیفہ پر عید الاضحی کی تعطیلات کے دوران جمعہ کی رات سے لے کر اتوار تک عیدمبارک کے حوالے سے پیغامات لائٹس کی صورت میں ظاہر ہوتے رہیں گے۔ دُبئی کے اسلامک افیئرز اینڈ چیریٹیبل ایکٹیویٹز ڈیپارٹمنٹ (آئی اے سی اے ڈی) نے عید کے موقع پر جاری ایک بیان میں کہا ہے امارات کی قیادت اورعوام ، اسلامی اور عرب ممالک کے تارکین وطن کوعید کی انتہائی مخلص مبارک باد دیتا ہے، اللہ تعالیٰ سب کی صحت برقرار رکھے، انہیں خوشحالی، امن و سلامتی اورتحفظ نصیب ہو۔ آئی اے سی اے ڈی اماراتی حکام کی جانب سے بتدریج مساجد اور عبادت گاہوں کے کھولے جانے پر بھی اماراتی لیڈر شپ کے دانش مندانہ فیصلوں کو سراہا ہے۔ واضح رہے کہ اماراتی محکمہ برائے اسلامی امور و اوقاف نے کورونا سے متعلق احتیاطی تدابیر پر مبنی خصوصی ہدایت نامہ جاری کیا ہے،جس میں مقامی و تارکین وطن مسلمانوں کو ماسک پہننے، سماجی فاصلہ اختیار کرنے اور مساجد میں نماز پڑھنے کی صورت میں گھروں سے جائے نماز لانے کی تاکید کی گئی ہے۔