لاہور: عمران خان کے وزیر اعظم منتخب ہونے کے ساتھ ہی نقاب کرنے والی بشریٰ خان خاتون ایسی اول بن جائینگی جو پردہ کرکے اسلامی روایات کو برقرار رکھ رہی ہیں اور جدید دور کے دبائو کو خاطر میں نہیں لارہیں، وہ عمران خان کی سیاسی رہنمائی بھی کررہی ہیں جبکہ ان کی کچھ پیشن گوئیاں بھی بالکل درست نکلیں۔
سہیل وڑائچ نے لکھا کہ ایک برطانوی مذہبی سکالرمفتی مسعود عالم، او بی ای(آرڈر آف برٹش ایمپائر) نے مجھے کہاکہ بشریٰ خان کی جانب سے عالمی پاور گیم کو بالائے طاق رکھتے ہوئے اپنی مذہبی او روحانی روایات کو برقرار رکھنے پر انہیں سراہا جائے۔ذرائع نے انکشاف کیا ہےکہ بشریٰ خان کے عام انتخابات اور عمران خان کے وزیراعظم بننے کے حوالے سے پیشگوئی درست ثابت ہوئی۔اس ذرائع نے دعویٰ کیاہےکہ الیکشن کے بہت قبل بشریٰ خان کی جانب سے پاکستان تحریک انصاف کی عام انتخابات میں 116نشستیں جیتنے کی پیش گوئی بھی درست ثابت ہوئی۔
ذرائع نے بتایا ہےکہ بشریٰ خان بہت پریکٹیکل خاتون ہیں اور اپنے شوہر کو مذہبی، روحانی اور سیاسی مسائل پر مشورہ دیتی ہیں۔ذرائع نے بتایا کہ پیر سیال شریف، سلطان باہو کے پیروں اور حتیٰ کہ منکی شریف کے پیروں کو پی ٹی آئی میں عہدے دلا نے میں بھی ان ہی کا کردار رہا ہے۔ ممکنہ خاتون اول بشریٰ خان بریلوی اور روحانی حلقوں میں کافی اثر رکھتی ہیں، انہوں نے تحریک لبیک پاکستان کیساتھ کچھ سیٹ ارینجنٹ کی کوشش کی اور خادم رضوی کوایک قاصد بھیجا تاہم وقت کی قلت کے باعث یہ کوشش کامیاب نہیں ہوئی، انکے مذہبی عقائد مضبوط ہیں اور انہوں نےعمران خان کیخلاف خادم رضوی کے غصے میں دیے گئے بیان کو معاف کردیا ہے اور ساتھ ہی اپنے شوہر عمران خان کو خبر دار کیاہےکہ وہ آئندہ ختم نبوت کے معاملے پر محتاط رہیں۔
بشریٰ خان کے ہی مشورے اور رہنمائی کےباعث عمران خان نے مفتی منیب کے ساتھ 3گھنٹے کی ملاقات کی تاکہ اہل سنت و الجماعت کے ساتھ اپنا موقف واضح کر سکیں۔ذرائع نے دعویٰ کیاہےکہ بشریٰ خان کی موجودگی نے بنی گالہ میںبہت ہی مثبت اثرات مرتب کئے ہیں اور اب عمران خان 5وقت کی نماز ادا کرتے ہیں۔