کراچی (جیوڈیسک) متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے رینجرز کی جانب سے ممتاز بزنس مین بابرچغتائی کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے اسے انتقامی کارروائی قرار دیا ہے۔
رابطہ کمیٹی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بابر چغتائی کو محض ایم کیو ایم کو چندہ دینے پر گرفتار کیا گیا جو کھلی انتقامی کارروائی ہے، کسی بھی بزنس مین کاکسی بھی سیاسی یا مذہبی جماعت یااس کے فلاحی ادارے کو چندہ دینا کوئی جرم نہیں،اگرکسی بزنس مین نے ایم کیوایم یااس کے فلاحی ادارے کوچندہ دیاہے تو یہ خلاف قانون عمل یاسنگین جرم نہیں کہ اس کی پاداش میں اسے گرفتار کرکے عادی مجرموں جیسا سلوک کیاجائے۔
رابطہ کمیٹی نے بابرچغتائی کی گرفتاری کی شدیدمذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ عمل کرکے کراچی سے تعلق رکھنے والے تمام تاجروں،صنعتکاروں اوربزنس مینوں کو یہ پیغام دیاگیاہے کہ وہ ایم کیوایم سے کسی بھی قسم کی ہمدردی یا تعلق نہ رکھیں اوراگروہ ایساکریں گے توان کواسی قسم کے سلوک کاسامنا کرنا پڑے گا۔
رابطہ کمیٹی نے مطالبہ کیاکہ بابرچغتائی کوفی الفور رہاکیاجائے اورایم کیوایم اوراس کے ہمدردوں کے خلاف انتقامی کارروائیوں کاسلسلہ بندکیاجائے۔