ابوظہبی (ویب ڈیسک ) دبئی ٹیسٹ کے بعد ابوظہبی ٹیسٹ میں بھی عمدہ کارکردگی دکھانے والے محمد عباس کا کہنا ہے کہ وہ آسٹریلیا کیخلاف سیریز میں مین آف دی سیریز کا ایوارڈ حاصل کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا اس ٹیسٹ میں 50 وکٹیں مکمل کرنے کا اعزاز ملا جبکہ ملک کی جانب سے مزید کامیابیاں اپنے نام کرنا چاہتا ہوں۔ آسٹریلیا کیخلاف دبئی ٹیسٹ میں 8 وکٹیں حاصل کرنے والے محمد عباس نے ابوظہبی ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں 33رنز دے کر پانچ وکٹیں حاصل کیں جبکہ انہوں نے 50 ٹیسٹ وکٹیں اپنے 10ویں ٹیسٹ میں مکمل کر لیں اوراس طرح گزشتہ 128 سالوں میں سب سے بہترین اوسط رکھنے والے فاسٹ باﺅلر بھی بنے۔محمد عباس کا کہنا ہے کہ کپتان سرفراز احمد ٹیم کی اچھی کارکردگی کیلئے فیلڈ میں بولتے ہیں لیکن میں کوشش کرتا ہوں کہ کپتان کو موقع ہی نہ دوں۔انہوں نے کہا کہ فلیٹ وکٹ پر اپنی کارکردگی سے خوش ہوں، میرا نظریہ ہے کہ جو بھی وکٹ ہو، آپ کو 100 فیصد کارکردگی دکھانی ہے، حریف ٹیم کی قوت دیکھ کر اپنی بولنگ کی پلاننگ کرتا ہوں۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ریکارڈ تو بنتے ہی ٹوٹنے کیلئے ہیں، میں 9 ٹیسٹ میچوں میں 50 وکٹیں لینا چاہتا تھا لیکن دبئی ٹیسٹ کے آخری دن کوئی وکٹ نہ مل سکی۔ آسٹریلیا کے گلین میک گراتھ اور پاکستان کے محمد آصف میرے آئیڈیل باﺅلرز ہیں۔محمد عباس کی جانب سے محمد آصف کو آئیڈیل قرار دئیے جانے کے بعد شائقین کرکٹ خوش بھی ہیں اور افسردہ بھی، جن کا کہنا ہے کہ محمد عباس نے محمد آصف کی یاد ایک مرتبہ پھر تازہ کر دی ہے جنہوں نے خود ہی اپنے سنہرے کیرئیر کو داغدار کر دیا اور پاکستان ایک بہترین باﺅلر سے محروم ہوا۔