لندن (ویب ڈیسک) چیف جسٹس پاکستان میاں ثاقب نثار کے دورہ برطانیہ میں دیامر بھاشا اور مہمند ڈیمز کی فنڈریزنگ تقریبات کے دوران ایک ارب روپے کے لگ بھگ رقم جمع کر لی گئی۔ لندن، مانچسٹر اور برمنگھم میں تقریبات کے دوران چیف جسٹس کی اپیل پر متمول پاکستانیوں نے کھلے دل سے حصہ ڈالا، ان عشائیوں میں شرکت کیلئے گنجائش سے کہیں زیادہ افراد کی درخواستیں آئیں اورکئی مقامات پر ہجوم کو کنٹرول کرنے کیلئے سکیورٹی کو بھی بلانا پڑا، ان تقریبات کیلئے فی ٹیبل1500 اور1000پاؤنڈ ٹکٹ رکھی گئی تھی اور لوگوں نے جماعتی وابستگی سے بالاتر ہو کر ان میں شرکت کی۔ مانچسٹر کی تقریب میں23لاکھ پاؤنڈ جمع ہوئے جبکہ عمران خان کے دوست انیل مسرت نے8لاکھ پاؤنڈ کا عطیہ دیا، لندن کی تقریب میں پاکستانی بزنس مین سر انور پرویز نے 100 ملین روپے کا عطیہ دیا۔ دوسری جانب اسٹیٹ بنک کے جانب سے جاری کر دی اعدادو شمار کے مطابق ڈیم فنڈز میں اب تک پاکستان کی عوام نے 7 ارب سے زائد کی رقم جمع کروایہ ہے جبکہ بیرون ملک پاکستانیوں نے 8 ارب سے زائد کے عطیات جمع کروائے ہیں۔ واضح رہے کہ امریکہ میں مقیم پاکستانی اس حوالے سے سرفہرست رہے جنہوں نے 334.735 ملین روپے کے عطیات جمع کروائے ، برطانیہ دوسرے نمبر پر ہے جہاں مقیم پاکستانیوں نے 180.317 ملین روپے کے عطیات دیے ہیں، 120 ملین روپے سیلولر کمپنیوں کی ایس ایم ایس سروس سے حاصل ہوئے ۔ حکومت پنجاب کے ملازمین 1.09 ارب روپے کے ساتھ سرفہرست ، پاک فوج 582.071 ملین روپے کے ساتھ دوسرے نمبر پر ، ہیڈ کوارٹر سی ڈبلیو او ایس پی ڈی 201.093 ملین روپے کے ساتھ تیسرے نمبر پر ، بحریہ ٹاؤن 110.12 ملین روپے کے ساتھ چوتھے نمبر پر جبکہ پاک فضائیہ 100.28 ملین روپے کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہے ۔