اسلام آباد(ایس ایم حسنین) غلطی سے لائن آف کنٹرول عبور کرنے والی آزاد کشمیر کی دو سگی بہنیں ثناء زبیر اور لائبہ زبیر سوموار کے روز واپس پہنچ گئیں۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق آزاد کشمیر کے علاقے راولا کوٹ میں غلطی سے ایل او سی عبور کرنے والی دو سگی بہنوں کو مقبوضہ کشمیر کی پولیس نے گرفتار کرلیا تھا۔ جس کے بعد دفتر خارجہ نے بھارتی حکام کے ساتھ رابطہ کیا تھا۔ جس کے نتیجے میں دونوں بہنوں کو بھارتی حکام نے آزاد کشمیر انتظامیہ کے حوالے کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق تیتری نوٹ کراسنگ پوائنٹ کے راستے آج مقبوضہ کشمیر کی انتظامیہ نے دونوں بہنوں کو آزاد کشمیر کی مقامی انتظامیہ کے حوالے کر دیا۔ آزاد کشمیر حکام نے دونوں بہنوں کے بیانات قلم بند کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔ واضح رہے کہ آزاد کشمیر میں 750 کلو میٹر طویل ایل او سی پر اکثر دیہاتی لوگ غلطی سے ایل او سی عبور کر کے مقبوضہ علاقے میں چلے جاتے ہیں جبکہ مقبوضہ کشمیر سے بھی بعض اوقات وہاں کے شہری غلطی سے ایل او سی عبور کر آزاد کشمیر میں داخل ہوتے ہیں جنہیں حکام کی طرف سے تفتیش کے بعد اکثر اپنے اپنے علاقوں میں واپس بھیج دیا جاتا ہے