نئی دہلی (ویب ڈیسک) بھارتی سرکار کی پالیسیوں کی وجہ سے تنگ کسان خودکشی پر مجبور ہیں اور اب کسانوں کا صبر جواب دے گیا اور مطالبات پورے نہ ہونے کی صورت میں برہنہ احتجاج کی دھمکی دیدی ۔ بھارتی میڈیا کے مطابق رام لیلیٰ میدان میں اکٹھے ہوئے کسانوں نے کہاکہ اُن کے مطالبات حکومت نے پورے نہیں کیے اور کوئی نمائندہ سننے کے لیے نہیں آیا تو وہ احتجاج جاری رکھیںگے اور کسی بھی لمحے برہنہ ہوکر پارلیمنٹ میں داخل ہوجائیں گے۔ رپورٹس کے مطابق اس دوران احتجاجی کسانوں نے اپنے ہاتھوں میں ان ساتھیوں کی کھوپڑیاں بھی اٹھارکھی تھیں جو پہلے ہی خودکشی کرچکے ہیں،مظاہرین نے حکومت کے خلاف نعرے بازی کی اور مطالبہ کیا کہ ہم وزیراعظم سے بھیک مانگنے کے لیے نہیں بلکہ اپنا حق مانگنے آئے ہیں۔بھارتی حکومت نے کسانوں کو منتشر کرنے کے لیے پولیس کی بھاری نفری کو پارلیمنٹ کے اطراف کے علاقوں میں تعینات کیا تاہم اپوزیشن جماعتوں نے مظاہرین کا ساتھ دینے کا اعلان کردیا۔