وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا اجلاس آج ہو گا۔ اجلاس میں غیر ممنوعہ بور کے اسلحہ لائسنسوں کے اجرا پر عائد پابندی کے خاتمے،شیشے پر پابندی سے متعلق قانون ، سندھ آرمز ایکٹ اور سندھ لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2013 میں ترامیم سمیت اہم قوانین سے متعلق امور زیر غور آئیں گے۔
سندھ کابینہ کا اجلا س آج سہ پہر تین بجے نیو سندھ سیکریٹریٹ میں ہو گا۔کیبنٹ سیکشن کی جانب سے جاری ایجنڈے کے مطابق کابینہ اجلاس میں امن و امان کی صورتحال، سندھ دینی مدارس رجسٹریشن بل 2016، مفادات کے ٹکراؤ سے متعلق بل 2016، سندھ فوڈ اتھارٹی بل 2016 اور ڈی فیمیشن بل سمیت اہم قوانین زیر غور آئیں گے۔کابینہ اجلاس میں کراچی میں دن کے اوقات میں بھاری گاڑیوں کی نقل و حمل اور اسلحہ لائسنسوں سے متعلق امور پر بھی گفتگو کی جائے گی۔کابینہ اجلاس میں صوبائی وزرا ، معاونین خصوصی ، آئی جی سندھ اور تمام صوبائی سیکریٹریز شرکت کریں گے۔