کینیڈا (APNAانٹرنیشنل/انجم بلوچستانی) کیلگری بیورو کے مطابق گزشتہ دنوںشریف اکیڈمی کینیڈا کے زیراہتمام کنیڈا کے خوبصورت شہر کیلگری میں ایک پرُو قار ادبی محفل کا اہتمام کیا گیا۔ محفل کے آغاز سے قبل شریف اکیڈمی کی ڈائریکٹربرائے البر ٹا محترمہ امتہ المتین خان کی صدارت میں شریف اکیڈمی ( انٹرنیشنل ) کینیڈاکی ایگزیکٹو بورڈکا اجلاس منعقد ہوا۔انہوں نے بورڈ کے اراکین کو خوش آمدید کہا۔
جناب لیاقت علی راجپوت (ممبرایڈوائزری کونسل)نے شریف اکیڈمی کے اغراض و مقاصدپر روشنی ڈالی اور کئی اہم تنظیمی امور پر گفتگو کی۔ محترمہ ا متہ المتین خان اورتمام ایگزیکٹئو اراکین نے جناب اکرام پاشا کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا،جنہوںنے ہال کا انتظام کیا ۔اکیڈمی کے اعلان کے مطابق جلد ہی ایک لوکل کمیٹی تشکیل دی جائے گی ،جو ادبی محفلوں کے انعقاد کے ساتھ نئے لکھنے والوںکی بھی رہنمائی کرے گی۔
یہ امر قابلِ ذکر ہے کہ شریف اکیڈمی کے تحت اس سے قبل بھی ادبی تقاریب منعقد ہو چکی ہیں، تاہم اکیڈمی کی ایگزیکٹئو کمیٹی نے پابندی سے ایک ماہانہ نشست کا فیصلہ کیاتھا، جسکی رو سے یہ پہلی نشست تھی،جسے ”ماہانہ ادبی محفل ”کا نام دیا گیا ۔ ایگزیکٹئوباڈی کے اجلاس میں محترمہ امتہ المتین خان( ڈائریکٹر البر ٹا )،جناب لیاقت علی راجپوت (ممبرایڈوائزری کونسل)،جنا ب جسبرچاہل (ڈائریکٹر میڈیا)،جناب رفیع احمد،جناب اکرام پاشا ، جناب شاہدپرویزشاہد اور محترمہ شاہدہ طاہر نے شرکت کی۔
باقاعدہ ادبی محفل کا آغازتین بجے ہوا،جس کی میزبانی کے فرائض جناب شاہدپرویزشاہد نے بطریق ِاحسن سرانجام دئے اور اس رپورٹ کی تیاری میںمدد دی۔انہوں نے اپنے تین مصروں سے ادبی محفل کا آغاز کیا۔
اللہ پناہ دے مجھے شیطان لعین سے
اللہ تیرے نام سے ہے ابتدا میری
رحمت کی اور کرم کی نہیں انتہا تیری
محفل کے تمام شرکاء نے اپنے مختصرتعارف کے بعداپنا کلام اور نثر پارے پیش کئے،جن کو بہت سراہا گیا۔ اردو و پنجابی کی غزلیہ و نظمیہ شاعری کے علاو ہ نثری مضامین نے بھی پزیرائی حاصل کی۔ڈاکٹرمظہرصدیقی نے شریف اکیڈمی انٹرنیشنل کینیڈا اور ان کے اراکین کے اعزازمیں خصوصی طورپر تحر یر شدہ نظم پیش کر کے ادبی محفل کو چارچاند لگادئے اور شرکاء سے خوب دادوصول کی۔ جناب جگجیت سنگھ نے اپنی خوبصورت آوازمیںہندی کا ایک گیت پیش کیا۔پہلی ادبی محفل کی ایک اور خصوصیت یہ تھی کہ جنا ب ر فیع احمد نے اپنی سالگرہ اپنے ادبی دوستوں کے ساتھ منائی اور سالگرہ کاکیک کو کاٹا۔ تمام شرکاء نے انہیں مبارکبادپیش کی اورانکی درازیٔ عمرو صحت یابی کی دعائیں مانگیں۔
آخر میںمحترمہ امتہ المتین خان نے تمام شرکاء کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا ،جنہوں نے اپنے خوبصورت کلام سے اس ادبی محفل کو ایک یادگار اور ناقابل فراموش شام بنا دیا۔ انہوں نے شاہدپرویزشاہد کی نظامت کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ” شاہدپرویزشاہدکی نظامت کے منفرد اور دلکش ا نداز نے ادبی محفل کے تمام شرکاء کے دل جیت لئے۔”پھر حاضرین کی گرم چائے،اسنیکس اور مٹھائی سے تواضع کی گئی۔
اس پہلی ادبی محفل میں مندر جہ ذیل خواتین و حضرات شریک ہوئے:
٭محترمہ امتہ المتین خان غزل ( ڈائریکٹر البر ٹا )٭جناب لیاقت علی راجپوت (ممبرایڈوایزری کونسل)٭جناب ڈاکٹرمظہر صدیقی ٭ جنا ب جسبیرچاہل ، تنہا (ڈائریکٹر میڈیا)٭محترمہ شاہدہ طاہر ٭جناب رفیع احمد٭جناب اکرام پاشا ٭جناب صلاح الدین شیخ صبا ٭ جناب شمشیر سنگھ سدھو ٭جناب نعیم اللہ خان ٭جناب جاوید نظامی ٭جناب محمدمعین احمد ٭جناب محمد یاسین ٭جناب ضیاء وڑائچ ٭جناب جگجیت سنگھ ٭جناب شاہدپرویزشاہد ۔ اس محفل کی کامیا بی شریف اکیڈمی کے لئے قابل اعزاز ہے۔