لاہور : امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان ٹونر کا کہنا ہے کہ ان کے خیال میں کیلی فورنیا فائرنگ میں ہلاک ہونے والی حملہ آور خاتون تاشفین ملک نے ویزہ پاکستان سے حاصل کیا۔
روز مرہ کی پریس بریفنگ کے دوران امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ سان برنارڈینو کے سوشل سینٹر پر اپنے شوہر رضوان فاروق کے ہمراہ حملہ کرنے والی خاتون تاشفین ملک کو امریکی ویزا پاکستان سے جاری کیا گیا اور وہ ممکنہ طور پاکستانی شہری ہی تھیں۔
تاشفین ملک ون ویزے پر امریکا آئی۔ ترجمان کے مطابق وہ نہیں جانتے کہ سید رضوان اور تاشفین ملک دونوں نے سعودی عرب کا سفر کیا ہو ، شہریوں کے بیرون ممالک سفر پر نظر نہیں رکھی جاتی۔ ادھر پولیس نے حملہ آوروں کی رہائش گاہ سے بڑی تعداد میں اسلحہ برآمد کرلیا ہے۔
جوڑے کی رہائش گاہ سے 12 پائپ بم ، بندوقوں اور پانچ ہزار گولیوں سمیت دیگر اسلحہ ملا جو ایک محدود پیمانے کی جنگ چھیڑنے کے لیے کافی تھا۔
گزشتہ روز کیلی فورنیا میں معذور افراد کی دیکھ بھال کرنے والے سینٹر میں دو افراد نے فائرنگ کی جس میں چودہ افراد ہلاک سترہ زخمی ہوئے۔