تینوں نشانات مٹی میں دھنسے ہوئے تھے جنہیں معمولی محنت اور عام ٹیکنالوجی کے ذریعے ڈھونڈ نکالا گیا
اوٹاوا: کینیڈا کے صوبے برٹش کولمبیا میں واقع جزیرے کال ورٹ میں 13 ہزار سال قدیم انسانی پاؤں کے 29 نشانات ملے ہیں جو تین مختلف افراد کے ہیں۔ جن پیروں کے نشانات ملے ہیں وہ تین لوگوں کے ہیں جن میں سے ایک مردانہ، ایک زنانہ اور ایک بچے کا پاؤں ہے اور یہ تینوں نشانات مٹی میں دھنسے ہوئے ملے ہیں جنہیں معمولی سی محنت اور عام ٹیکنالوجی کے ذریعے ڈھونڈ نکالا گیا ہے۔
اس علاقے میں ماہرین آثار قدیمہ 2014 سے ریسرچ کے لیے موجود ہیں۔ تحقیق کاروں نے فرانزک ٹیسٹ اور دیگر مراحل سے گزارنے کے بعد قدموں کے ان نشانات کو 13 ہزار سال پرانا بتایا ہے جو شاید اب تک دریافت کیے گئے نشانات میں سے سب سے پرانے ہیں تاہم ابھی یہ معلوم نہیں ہوسکا ہے کہ دراصل یہ قدموں کے نشانات کس قوم سے تعلق رکھنے والے افراد کے ہیں ؟ اور ان کا تعلق کسی مشہور ہستی، قبیلے یا قوم سے تو نہیں؟