چنئی: پہلے ون ڈے میں ہردیک پانڈیا اور اسپنرز نے کینگروز کی کشتی ڈبو دی، بارش سے متاثرہ میچ میں بھارت نے 26 رنزسے کامیابی حاصل کرلی۔
21 اوورز میں 164 رنز کا نظر ثانی شدہ ہدف پانے والی آسٹریلوی ٹیم 9 وکٹ پر 137 رنز بنا پائی، گلین میکسویل 39 اور جیمز فالکنر 32 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، یوزیویندرا چاہل نے 3 جبکہ کلدیپ یادیو اور ہردیک پانڈیا نے 2,2 وکٹیں لیں۔ اس سے پہلے بھارت نے مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹ پر 281 رنز بنائے، پانڈیا نے 83 اور مہندرا سنگھ دھونی نے 79 رنز اسکور کیے۔ تفصیلات کے مطابق بھارتی اننگز کی تکمیل کے ساتھ ہی بارش کی وجہ سے مقابلہ تاخیر کا شکار ہوا آخر میں جب موسم نے میچ دوبارہ شروع ہونے کی مہلت دی تو ڈک ورتھ لوئس کے تحت آسٹریلیا کو فتح کیلیے 21 اوورز میں 164 رنز کا ہدف ملا جس کے جواب میں آسٹریلوی وکٹوں کی بھی جھڑی لگ گئی، اوپنر کارٹ رائٹ اور کپتان اسٹیون اسمتھ صرف ایک ایک رن جبکہ ٹریوس ہیڈ 5 رنز بناکر رخصت ہوئے، ڈیوڈ وارنر اور گلین میکسویل نے ٹیم کو سنبھالنے کی کوشش کی تاہم کلدیپ یادیو نے وارنر کو دھونی کی مدد سے 25 رنز پر رخصت کیا جبکہ چاہل نے 39 رنز پر میکسویل کی پانڈیا کے تعاون سے چھٹی کردی۔