سندھ ہائی کورٹ نےموٹر سائیکل/ گاڑیوں کی پارکنگ فیس کی وصولی کے خلاف درخواست پر کراچی کنٹونمنٹ بورڈ کوشاہراہ فیصل سمیت 8مقدمات سے تمام گاڑیوں کی پارکنگ فیس کی وصولی سے روک دیا ہے ۔
فاضل عدالت نے ایگزیکٹو افسر کراچی کنٹونمنٹ بورڈ، سیکرٹری دفاع، ڈپٹی اٹارنی جنرل سمیت دیگر مدعاعلیہان کو 15نومبر کے لیے نوٹس جاری کر دیے ہیں اور آئند ہ سماعت پر جواب داخل کرنے کی بھی ہدایت کر دی ہے۔
جمعہ کو جسٹس ندیم اختر کی سربرا ہی میں قائم دورکنی بینچ نے سی بریز پلازہ اورنرز ویلفیر ایسوسی ایشن کی درخواست کی سماعت کی، دوران سماعت درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ کراچی کنٹونمنٹ بور ڈ نے سرور شہید روڈ، صابر بیگ شہید روڈ ، راجا غضنفر علی خان روڈ، عزیز بھٹی شہید روڈ، صغیر حسین شہید روڈ، کیانی شہیدروڈ، شاہراہ فیصل اور عباسی شہید روڈ کے مختلف مقامات سے گاڑیوں کی پارکنگ فیس سے متعلق ایک نوٹی فکیشن جاری کیا اور گاڑیوں کی پارکنگ سے متعلق فیس کی وصولی کے لیے اعجاز علی خاصخیلی کو نامزد کیا نوٹی فکیشن کے تحت موٹرسائیکل کی فیس 20اور دیگر گاڑیوں کی فیس 40روپے مقرر کی گئی ہے استدعا ہے کہ کارروائی عمل میں لائی جائے اور کنٹونمنٹ بورڈ کو پارکنگ کی وصولی سے روکا جائے ۔
سپریم کورٹ فیصلہ دے چکی،قانون سازی کے بغیر کنٹونمنٹ بورڈز پارکنگ فیس نہیں لے سکتے۔