چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا نواز شریف نے منی لانڈرنگ کر کے اپنے بچوں کو پھنسا دیا۔ ہم نے الزام نہیں لگایا لافرم کا ڈیٹا سامنے آیا ہے۔
اسلام آباد: (یس اُردو) چیئرمین تحریک انصاف نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا حکمرانوں کے خلاف کوئی سازش نہیں ہوئی پانامہ ایسی جگہ ہے جہاں کرپشن کا پیسہ رکھا جاتا ہے۔ پانامہ لیکس میں آسٹریلیا اور ہانگ کانگ میں تحقیقات شروع ہو چکی ہیں۔ 20 سال سے شور مچا رہا تھا اللہ اصلیت سامنے لے آیا اور پیسہ چوری کرنے والے اللہ کی طرف سے پکڑے گئے۔ انہوں نے کہا پانامہ لیکس پر کوئی شک نہیں ہونا چاہیے ڈیٹا بینک سے پانامہ لیکس کی کچھ چیزیں نکلی ہیں۔ عمران خان نے کہا مریم نواز نے بیان دیا کہ خاندان میں کسی کے اثاثے باہر نہیں لیکن شریف خاندان نے بچوں کے نام پر چیزیں رکھیں ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا حسین نواز کو علم ہوا خبریں آنیوالی ہیں تو بیرون ملک کمپنیاں تسلیم کر لیں اب شریف خاندان پھنس چکا ہے اس لئے بتا نہیں پا رہے پیسے کہاں سے آئے؟۔ میاں صاحب اب جواب دیں یہ پیسہ کہاں سے آیا۔ ملک کے وزیراعظم نے اپنے اصل اثاثے نہیں بتائے اور مریم نواز شریف نے بھی اصل اثاثے ڈکلیئر نہیں کیئے۔ جب ملک کا وزیراعظم اثاثے چھپائے گا تو دوسروں کو کیسے کہے گا۔ میاں صاحب نے سارا پیسہ منی لانڈرنگ کے ذریعے باہر منتقل کیا۔ عمران خان نے مطالبہ کیا اگر پانامہ لیکس کے انکشافات پر آسٹریلیا اور ہانگ کانگ میں تحقیقات شروع ہو سکتی ہیں تو پاکستان میں بھی نیب کو تحقیقات کرنی چاہیئے۔ نیب اگر اپنی ساکھ برقرار رکھنا چاہتی ہے تو فوری انویسٹی گیشن شروع کرے اگر نیب حکمرانوں کیخلاف تحقیقات نہیں کر سکتا تو اسے بند کر دیا جائے۔ ملک بربادی کی طرف جا رہا ہے (ن) لیگ کے ان لوگوں سے اپیل کرتا ہوں جن کو پاکستان کی فکر وہ اس پر بات کریں۔ یہ میرا مسئلہ نہیں پاکستان کے بچوں کا مستقبل کا معاملہ ہے۔ ہسپتالوں ، تعلیم کے لیے پیسہ نہیں ہے اور بڑے پراجیکٹ میں کرپشن ہو رہی ہے جبکہ بڑے پراجیکٹس سے پیسہ چوری کر کے باہر جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا میرا کارکن مجھ سے اثاثوں کے بارے پوچھ سکتا ہے یہ کوئی مغل اعظم نہیں کہ ان سے سوال نہیں ہو سکتا۔ ان کا مزید کہنا تھا الزام عمران خان نہیں لگا رہا بلکہ عالمی سطح پر انکشافات ہوئے میری باری آئی تو الزامات نہیں انہیں جیل میں ڈالوں گا۔