لاہور : حلقہ این اے 122 کا معرکہ مسلم لیگ (ن) نے ایک مرتبہ پھر جیت لیا ہے۔ سردار ایاز صادق نے 75 ہزار 410 ووٹ حاصل کئے جبکہ ان کے مدمقابل پی ٹی آئی کے امیدوار عبدالعلیم خان نے 72 ہزار 43 ووٹ حاصل کئے۔ سردار ایاز صادق نے صرف 3 ہزار 368 ووٹوں کے فرق سے یہ فتح اپنے نام کی۔
حلقہ این اے 122 میں پولنگ ختم ہوتے ہی لاہور کی سڑکوں پر شیر دھاڑنے لگے۔ لیگی کارکنوں نے نتیجہ آنے سے پہلے ہی جشن منانا شروع کر دیا تھا۔ لیگی کارکنوں کو جیسے پہلے سے پتا تھا اسی لئے شام ہوتے ہی این اے ایک سو بائیس میں خوشیاں جھومنے لگیں۔
ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے اور پارٹی ترانوں پر رقص نے سماں بندھ گیا۔ پٹاخے بھی چلے اور آتش بازی بھی خوب ہوئی۔ سب کی زبان پر ایک ہی نعرہ تھا۔ پاکستان میں شیر دھاڑا، لاہور ہمارا، لاہور ہمارا۔ لیگی کارکنوں نے پارٹی پرچم اٹھائے اپنے لیڈر کے گن گائے۔
کسی نے انتخابی نشان شیر کے ساتھ بھنگڑے ڈالے۔ کئی تو انتخابی نشان شیر ہی اٹھائے چلے آئے۔ کارکنوں کا کہنا تھا کہ انہیں اپنے امیدوار کی جیت کا پہلے سے یقین تھا۔ اب تمام داغ دھل جائیں گے اور مخالفین کے منہ بند ہو جائیں گے۔
لاہور کے حلقہ این اے 122 اور پی پی 147 میں پولنگ کا عمل صبح 8 بجے شروع ہوا جو بغیر کسی رکاوٹ کے شام 5 بجے تک جاری رہا۔ حلقہ این اے 122 میں رجسٹرڈ ووٹوں کی کل تعداد 3 لاکھ 47 ہزار 762 ہے جس میں 1 لاکھ 90 ہزار 328 مرد ووٹرز ہیں جبکہ خواتین ووٹرز کی تعداد 1 لاکھ 57 ہزار 434 ہے۔ حلقے میں 284 پولنگ سٹیشنز قائم کئے گئے تھے۔
ادھر تحریک انصاف کے کارکنوں کو بھی جیسے احساس ہو گیا تھا۔ پولنگ کے بعد کارکن اور پارٹی دفاتر سونے سونے سے دکھائی دیے۔