لاہور (یس نیوز ڈیسک) تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے شاہدرہ میں احتساب ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا پاکستان کے مستقبل کیلئے یہ ریلی بہت ضروری ہے کیونکہ حکمران ملک کا مستقبل تباہ کر رہے ہیں۔ وزیر اعظم اور وزراء چوری کریں تو ملک برباد ہو جاتا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا جمہوریت میں وزیراعظم جوابدہ ہوتا ہے۔ وزیر اعظم کہتے ہیں اپنے قانون کے تحت اپنا احتساب کریں گے۔ 5 ماہ سے وزیر اعظم سے جواب مانگ رہے ہیں۔ کپتان نے اپنے خطاب میں کہا خواجہ آصف میاں صاحب کو کہتے ہیں لوگ پاناما لیکس بھول جائیں گے۔ خواجہ آصف نہ میں بھولا ہوں نہ لوگ بھولیں گے۔ تحریک انصاف کے سربراہ نے کہا کرپٹ لیڈر ملک کے اداروں کو کرپٹ کر دیتا ہے۔ ادارے کرپٹ ہوں تو ملک تباہ ہو جاتا ہے اور پاکستان کے اداروں کو سب سے زیادہ تباہ نواز شریف نے کیا؟۔ عمران خان نے کہا پاناما لیکس کے معاملے پر عدلیہ سے انصاف کی امید کرتے ہیں ۔ نیب کے چیئرمین نے بھی 5 ماہ میں کچھ نہیں کیا۔ کپتان نے الزام لگایا کہ چیئرمین ایف بی آر ہر مہینے کروڑوں روپے دبئی بھیجتے ہیں۔ چیئرمین ایف بی آر میں جرات نہیں کہ وزیر اعظم سے پوچھیں پیسے کہاں سے آئے؟۔ ان کا مزید کہنا تھا ہم نواز شریف پر نہیں اداروں پر دباؤ ڈال رہے ہیں۔ کپتان نے الیکشن کمیشن پر تنقید کرتے ہوئے کہا الیکشن کمیشن کب تک ن لیگ کی بی ٹیم بنا رہے گا۔ قوم الیکشن کمیشن میں پڑی پٹیشنز پر فیصلوں کا انتظار کر رہی ہے۔ کپتان نے الزام لگایا کہ نواز شریف نے ابھی سے 2018 کا الیکشن خریدنے کا منصوبہ بنا لیا ہے۔ اپنے ہر ایم این اے کو ایک ایک ارب روپیہ دے گا۔ اس سے پہلے اسلام آباد سے لاہور پہنچنے پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ جب تک نواز شریف کا احتساب نہیں ہو گا کرپشن کا خاتمہ ممکن نہیں ۔ دنیا بھر میں جن حکومتی شخصیات پر کرپشن کے الزمات لگے وہ مستعفی ہو گئے ہیں۔ واضح رہے تحریک انصاف کی احتساب ریلی شاہدرہ سے ہوتی ہوئی شاہراہ قائداعظم فیصل چوک پر ختم ہو گی۔ ریلی کے راستوں پر سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔