پشاور (یس ڈیسک) فرانسیسی جریدے میں گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کیخلاف ملک بھر میں احتجاجی ریلیاں نکالی گئیں، کراچی میں فرانسیسی قونصل خانے کے قریب پولیس اور مظاہرین میں جھڑپ، پولیس کی شیلنگ، واٹر کینن کا استعمال۔ کراچی میں جماعت اسلامی، اسلامی جمعیت طلبہ سمیت دیگر مذہبی جماعتوں کی جانب سے احتجاجی مظاہرے کئے جا رہے ہیں اس دوران فرانسیسی قونصل خانے کے قریب مظاہرین اور پولیس میں شدید جھڑپ ہوئی جس کے دوران پولیس نے مظاہرین کو قونصل خانے سے دور رکھنے کے لیے شیلنگ کی اور واٹر کینن کا استعمال کیا۔
جماعت اسلامی کے زیر اہتمام یونیورسٹی روڈ پر بیت المکرم مسجد کے باہر مظاہرہ ہو رہا ہے جس کی قیادت امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن کر رہے ہیں۔ مظاہرین نے فرانسیسی جریدے کے خلاف نعرے لگائے ۔ اسلامی جمعیت طلبہ کے تحت گستاخانہ خاکوں کی اشاعت پر تین تلوار کلفٹن سے فرانسیسی قونصل خانے تک احتجاجی ریلی نکالی یہ ریلی جب فرانسیسی قونصل خانے کے قریب پہنچی تو پولیس کی جانب سے مظاہرین کو روکنے کے لیے سخت اقدامات کیے گئے۔
اس دوران پولیس اور مظاہرین میں جھڑپ شروع ہوگئی۔مجلس وحدت المسلیمن کے زیر اہتمام کھارادر امام بارہ گاہ کے باہر مظاہرہ کیا گیا۔جماعت الدعواۃ کے تحت کراچی پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ بھی کیا گیا ، امیر جماعت الدعوۃ کراچی ڈاکٹر مزمل اقبال قریشی خطاب کر رہے ہیں۔
پشاور میں جماعت اسلامی کے زیر اہتمام دو مختلف مقامات پر گستاخانہ خاکوں کے خلاف احتجاجی مظاہرہ اور ریلی نکالی گئیپشاور میں جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے امیر پروفیسر ابراہیم کی قیادت میں مرکز اسلامی کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرین نے جی ٹی روڈ کو ٹریفک کیلئے بند کر دیا۔ مظاہرین نے گستاخانہ خاکے چھاپنے والے میگزین اور فرانس کی حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ لاہور میں بھی گستاخانہ خاکوں کے خلاف بھرپور احتجاجی ریلی نکالی گئی۔