سکھر۔۔۔قائد حزب اختلاف خورشید شاہ کہتے ہیں کہ پی آئی اے کے معاملے میں بات چیت کے بجائے ماردھاڑ ہوئی جس کی وجہ سے معاملات خراب ہوئے،وزیراعظم کی زبان میں نرمی کے بجائے سختی آگئی ہے۔
قائد حزب اختلاف خورشید شاہ نے کہا ہے کہ پی آئی اے سے متعلق بل جلد بازی میں منظورکرایاگیا،وزیراعظم کی زبان میں نرمی کے بجائے سختی آگئی ۔سکھر میں اپنی رہائشگاہ پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے خورشید شاہ کاکہنا تھا کہ پی آئی اے کے معاملہ پر کروڑوں روپے کا نقصان ہورہاہے۔لیکن حکومت بضد ہے۔ہم نے مسئلہ کاحل نکالنے کے لئے پیشکش بھی کی ۔پی آئی اے معاملہ میں ڈائیلاگ کے بجائے ماردھاڑ شروع ہوگئی اورقیمتی جانیں ضائع ہوئیں ۔انہوں نے کہا کہ اورنج ٹرین پر عوام کا پیساخرچ ہورہاہے اگرپاکستان کو ترقی دینی ہے توسارے منصوبے ختم کرکے ڈیمز بنائے جائیں ۔انہوں نے وزراء سے کشیدگی کے بارے میں سوال پر کہا کہ وہ پارلیمنٹ میں وزیراعظم کی آمد کے منتظرہیں۔خورشید شاہ نے کہا کہ اگران پر عائد کئے گئے الزامات ثابت ہوجائیں گے تو وہ سیاست چھوڑدینگے۔