لاہور(مانیٹرنگ رپورٹ) موٹروے لنک روؑ ریپ کیس کا مرکزی ملزم عابد تقریباً دو ہفتے گزر جانے کے باوجود قانون نافذ کرنیوالے اداروں کی گرفت میں نہ آسکا اور اب پولیس حکام بھی اس معاملے پر خاموش دکھائی دیتے ہیں بلکہ الٹا سوال کرنے پر صحافیوں سے نالاں ہورہے ہیں۔
نجی ٹی وی چینل دنیا نیوز کے مطابق سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں جاری اجلاس میں شرکت کے لیے سی سی پی او لاہور عمر شیخ پہنچے تو سوال پوچھنے پر صحافی س الجھ پڑے، صحافی نے سوال کیا”السلام علیکم، سر ملزم عابد کب گرفتار ہوگا؟اس پر سی سی پی او نے متعلقہ سوال کا جواب دینے کی بجائے کہا کہ “بس کردویار، عجیب آدمی ہیں” اور پولیس اہلکاروں کے جھرمٹ میں اندر چلے گئے ۔ اس سے پہلے آئی جی پنجاب سے بھی اس بارے پوچھا گیا تو وہ خاموش رہے ۔ رپورٹ کے مطابق واقعے کے بعد سی سی پی او نے اڑتالیس گھنٹوں میں گرفتاری کا اعلان کیا تھا لیکن تقریبا دو ہفتے ہوچکے اور ملزم تاحال گرفت میں نہ آسکا، عوام کا حق ہے کہ وہ جان سکیں لیکن سوال پر سی سی پی او نالاں ہوگئے، عجیب آدمی ہو کا جواب دے کر اجلاس میں شرکت کے لیے چلے گئے۔