اسلام آباد(یس اردو نیوز) کنٹرول لائن پر بھارت کی طرف سے اندھا دھند بلااشتعال فائرنگ کے نتیجے میں 14 بے گناہ شہریوں کی شہادت پر دفتر خارجہ میں بھارتی ہائی کمیشن کے سینئر سفارتکار کو طلب کر کے شدید احتجاج کیا گیا۔ ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی کے مطابق بھارت کے اعلیٰ سفارتکار کو آج (پیر)دفتر خارجہ طلب کیاگیا اور کنٹرول لائن کےساتھ بھارتی قابض فوج کی جانب سے جنگ بندی کی خلاف ورزیوں پر پاکستان کا شدید احتجاج ریکارڈ کرایا گیا۔ ترجمان عائشہ فاروقی نے کہاکہ گزشتہ روز کنٹرول لائن کے ساتھ نکیال سیکٹر میں بھارتی قابض فوج کی جانب سے اندھا دھند اور بلا اشتعال فائرنگ کے نتیجے میں تین بچوں سمیت پانچ بے گناہ شہری زخمی ہوگئے۔ ترجمان نے کہا کہ بھارتی قابض فوج کنٹرول لائن اور ورکنگ باونڈری کے ساتھ شہری آبادی کو بھاری ہتھیاروں سے تسلسل کے ساتھ نشانہ بنارہی ہے، اس سال بھارت نے اب تک جنگ بندی کی ایک ہزار 595 مرتبہ خلاف ورزیاں کیں جن کے نتیجے میں 14 بے گناہ شہری شہید اور 121 شدید زخمی ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کنٹرول لائن اورورکنگ باونڈری کے ساتھ کشیدگی میں اضافہ کرکے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سے توجہ نہیں ہٹا سکتا۔