پیرس کے نواحی علاقے آواں میں میئر آف آواں نے زبانوں اور ثقافتی میلے کا انعقاد کیا جس میں پاکستان بطور مہمان خصوصی شریک ہوا۔ یہ تقریب پاکستان کی آزادی کے 70 سال مکمل ہونے کے حوالے سے منعقد ہونے والی تقریبات کا حصہ ہے۔ جس میں پاکستانی کمیونٹی نے کھانوں، ثقافت، ٹرک آرٹ، تصویری نمائش اور روائیتی لباسوں کی نمائش کی۔
سفیر پاکستان معین الحق اور محترمہ نوہاد میری چارلت میئر آف آواں نے مشترکہ طو رپر اس میلے کا افتتاح کیا۔ میلے میں سفارت خانے اور پاکستانی کمیونٹی کی جانب سے ثقافتی ورثے سے متعلق اشیاء، دستکاریوں، روائتی ملبوسات، اور پاکستانی کھانوں کے سٹال لگائے گئے۔ اس موقع پر پاکستان کے خوبصورت مناظر کی تصویری نمائش کا بھی اہتمام کیا گیا تھا۔
سفیرپاکستان نے افتتاحی تقریب سے خطاب کے دوران آواں میئر کی جانب سے میلے میں پاکستان کو خصوصی اہمیت دینے اور آواں میں پاکستانی کمیونٹی کے ساتھ بہتر تعاون کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔
آواں کی میئر نے اپنے خطاب میں پاکستانی کمیونٹی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اس میلے کی کامیابی میں پاکستانی کمیونٹی نے اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی کمیونٹی محنت کش، امن پسند اور آواں کی سماجی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔
میلے میں آئے ہوئے مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے پاکستان کی دستکاریوں، کھانوں اور تیار شدہ ملبوسات میں گہری دلچسپی ظاہرکی