خیبر: خیبرپختونخوا کے ساتھ ضم شدہ قبائلی علاقے ضلع خیبر میں نشانہ بازی کے دلچسپ مقابلے ہوئے، ہر کھلاڑی کو نشانے پر تین فائر کی اجازت تھی۔
ضلع خیبر کی تحصیل لنڈی کوتل میں 14 اگست کے حوالے سے نشانہ بازی کے دلچسپ مقابلے خیبر کلب اور محکمہ سپورٹس ٹرائبل کے تعاون سے منعقد ہوئے۔ مقابلوں میں ضلعی انتظامیہ کی خاصہ دار فورس اور علاقہ مکینوں نے بھرپور حصہ لیا۔ گولیوں کی تڑٹراہٹ اور ملی نغموں کی گونج میں مقابلہ شہریوں نے جیت لیا، جیت پر کھلاڑی خوش نظر آئے۔
نشانہ بازی کے مقابلوں میں 36 ٹیمز اور 108 کھلاڑیوں نے حصہ لیا۔ سخت مقابلوں کے بعد 4 ٹیمز برابر ہونے کی صورت میں قرعہ اندازی کے ذریعے علی پہلے، سرتاج دوسرے اور عرفان تیسرے نمبر پر آئے۔
انعام میں کھلاڑیوں کو ٹرافی یا شیلڈ نہیں بلکہ دنبہ دیا گیا۔ دلچسپ مقابلوں سے بچے بڑے سب لطف اندوز ہوئے۔