لاہور(نیوز ڈیسک )لاہور میں جمعیت علما اسلام کے مقامی رہنما امتیاز قمر کورونا وائرس کے باعث جاں بحق ہوگئے، مولانا فضل الرحمٰن نے امتیاز قمر کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے انہیں پارٹی کا اثاثہ قرار دیا ہے۔امتیاز قمر کورونا وائرس کے باعث 15 روز سے لاہور کے نجی ہسپتال میں زیر علاج تھے جہاں وہ جانبر نہ ہوسکے، جمعیت علما اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے ایک بیان میں امتیاز قمر کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ امتیاز قمر کے اہلخانہ کے غم میں برابر کا شریک ہوں۔انہوں نے کہا کہ امتیاز قمر پوری زندگی پارٹی کے نظریات کے ساتھ وفادار رہے، انہوں نے لاہور میں ہمیشہ پارٹی کی سربلندی کیلئے کام کیا۔ دوسری جانبعید الفطر کے بعد کورونا وائرس کے کیسز میں ایک دم تیزی دیکھنے میں آئی ہے اور آج ایک روز میں سب سے زیادہ 3938 کیسز ریکارڈ ہوئے ہیں جبکہ مزید 78 افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں جس نے عوام سمیت حکام کو تشویش میں ڈال دیاہے ۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں ملک بھر میں 16 ہزار 548 ٹیسٹ کیے گئے جن میں مزید 3938 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی ہے جس کے بعد مجموعی مریضوں کی تعداد76 ہزار 398 ہو گئی ہے جبکہ ملک میں اب تک 5 لاکھ 77 ہزار 974 ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں ۔کورونا وائرس کے باعث آج اموات میں ایک مرتبہ پھر اضافہ ہواہے ، اس مہلک وبا کے باعث ملک میں مزید 78 جانیں چلی گئیں ہیں اور مجموعی تعداد 1621 ہو گئی ہے تاہم 27ہزار 110 افراد صحت یاب ہونے کے بعد گھروں کو بھی لوٹ گئے ہیں ۔کورونا وائرس کے سب سے زیادہ کیسز کی تشخیص سندھ میں ہوئی ہے جہاں تعداد 29 ہزار 647 تک پہنچ گئی ہے جبکہ پنجاب میں 27 ہزار 850 ، خیبر پختون خواہ میں 10 ہزار 485 ، بلوچستان میں 4 ہزار 514 ، اسلام آباد میں 2 ہزار 893 ، گلگت بلتستان میں 738 اور آزاد کشمیر میں 271 افراد میں وائرس کی تصدیق ہو ئی ہے ۔کورونا وائرس کے باعث اب تک کی سب سے زیادہ اموات پنجاب میں ہوئی ہے جہاں مرنے والوں کی مجموعی تعداد 540 ہو گئی ہے ، سندھ میں 503 ، کے پی کے میں 482 ، اسلام آباد میں 30 ، بلوچستان میں 49 ، گلگت بلتستان میں 11 اور آزاد کشمیر میں 6 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں ۔اس کے علاوہ سب سے زیادہ 14 ہزار 590 افراد سندھ میں کورونا وائرس سے صحت یاب ہوئے ہیں جبکہ پنجاب میں 7116 ، کے پی کے میں 2973 ، بلوچستان میں 156 ، گلگت بلتستان میں 527 ، اسلام آباد میں 169 اور آزاد کشمیر میں 170 افراد صحت یاب ہو کر گھروں کو لوٹ گئے ہیں ۔