اسلام آباد (ویب ڈیسک) سینئر صحافی و کالم نویس رﺅف کلاسرا کا کہنا ہے کہ عمران خان سے ان کی ایک ملاقات ہوچکی ہے اور اب آئندہ پانچ سال تک کسی ملاقات کی امید نہیں ہے ۔ نواز شریف اور زرداری نے بھی ان کے ساتھ کچھ ایسا ہی کیا تھا۔
خیال رہے کہ عمران خان نے وزارت عظمیٰ کا عہدہ سنبھالنے کے کچھ ہی روز بعد اسلام آباد میں سینئر صحافیوں سے ملاقات کی تھی جس میں رﺅف کلاسرا بھی شامل تھے۔ ٹوئٹر پر ایک صارف کی جانب سے ایل این جی معاہدے کے معاملے پر تشویش کا اظہار کیا گیا اور رﺅف کلاسرا سے یہ معاملہ وزیر اعظم عمران خان سے اگلی ملاقات میں اٹھانے کی فرمائش کی گئی ۔ اپنے فالوور کی اس خواہش پر رﺅف کلاسرا نے کہا کہ ”خان صاحب سے وہ پہلی اور آخری ملاقات تھی۔ زرداری اور نواز شریف نے بھی ایک دفعہ بلایا اور پھر پانچ سال نہ بلایا۔۔ ایک ہی ملاقات کافی ہوتی ہے وزیراعظم کو سمجھنے میں کہ ان تلوں میں تیل نہیں لہٰذا آئندہ ان ’ گستاخوں‘کو نہ بلایا جائے“۔قراة العین نے رﺅف کلاسرا کے اس ٹویٹ کے جواب میں لکھا ’ خان صاحب نے آپ کو دوبارہ بلانے سے توبہ کرلی ہوگی‘۔ خاتون کی اس بات پر رﺅف کلاسرا نے کہا ”ہم تو درباروں اور حکمرانوں سے ویسے ہی دور بھاگ رہے ہوتے ہیں تاکہ آنکھ کی شرم نہ کرنی پڑے، اچھا ہے وہ ہمیں دور ہی رکھیں، اگر کوئی بلاتا ہے تو صحافی کو جانا پڑتا ہے، صحافی ملنے سے انکار نہیں کرسکتا“۔