میاں نواز شریف کی معصومیت کی گواہی کیلئے کافی ہے کہ جس نے تحقیقات کیں وہ بھی مجرم ثابت ہوچکا اور جس نے فیصلہ دیا وہ بھی مجرم ہی نکلا، چوہدری اصغر خان
پیرس؍اسلام آباد( ایس ایم حسنین) پاکستان مسلم لیگ ن یوتھ فرانس کے صدر چوہدری محمد اصغر خان نے کہا ہے کہ عظیم قائد میاں محمد نواز شریف کو ان کے صبر کا پھل بہت عظیم ملا۔ ان کا کہنا تھا کہ میرے عظیم قائد کی تحقیقات کیلئے جس جج کو لگایا گیا اس کا کردار سب کے سامنے عیاں ہوا اوراللہ تعالیٰ نے اس کا راز فاش کیا اس کے بعد جس جج کی طرف سے میاں محمد نواز شریف کیخلاف ثبوت نہ ہونے پر بھی فیصلہ سنایا گیا وہ بھی کردار کا مجرم اور شرابی نکلا۔
ان کا کہنا تھا کہ قدرت نے اپنا فیصلہ دیدیا ہے میاں محمد نواز شریف کل بھی سرخرو تھے آج بھی ہیں اور آنے والے وقت میں ان کی معصومیت کی گواہی اس ملک کا چپہ چپہ دیگا۔ انہوں نے کہا کہ پوری دنیا میں پاکستان کو معاشی قوت کے طور پر ابھارنے والے لیڈر کو جب ہتھکڑیاں لگا کر جعلی مقدمات میں پھنسایا گیا اس وقت بھی عوام جانتی تھی اور گرفتار کرنے والے جانتے تھے کہ میرا قائد بے قصور ہے اسکا جرم صرف اورصرف پاکستان اورپاکستانیت ہے اوربدقسمتی سےعالمی طاقتوں اور ان کی کٹھ پتلیوں کو یہ منظور نہیں ہے۔ مگر قدرت اپنا فیصلہ ضرور سنائیگی اور اس ملک میں دوبارہ میاں محمد نواز شریف کی حکومت پوری آب و تاب سے آئے گی اور اس ملک کو انشااللہ بہت اوپر لے جائیگی۔