گجرات کے قصاب کہلانے والے نریندر مودی کو یواے ای کی طرف سے سول ایوارڈ مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے کھلی چشم پوشی ہے، اشفاق جٹ
پیرس؍اسلام آباد(ایس ایم حسنین) صدر اوورسیز یونٹی اورتحریک انصاف فرانس کے مرکزی راہنما اشفاق جٹ نے یو اے ای کی طرف سے بھارتی وزیراعظم کو سول ایوارڈ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ عرب حکمرانوں کے پاس فہم اوردوراندیشی کا شدید فقدان پایا جاتا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ جب پوری دنیا مقبوضہ کشمیر کے مظالم پر کشمیریوں کی حمایت میں آگے آرہی ہے ایسے میں یو اے ای کی مسلمان حکومت کی طرف سے اپنے ہی مسلمان بھائیوں پر ہونے والے انسانیت سوز مظالم سے چشم پوشی اختیار کرتے ہوئے اپنے مفادات کی خاطر ایک ننگ آدمیت شخص کو اپنے ملک کا اعلیٰ ترین سول ایوارڈ دینا بعید از عقل اقدام ہے ۔ پوری مسلم دنیا کو اس کی شدید مذمت کرنی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ یو اے ای حکومت کو اپنے اقدام پر فوری نظر ثانی کرنا چاہیے اور مقبوضہ کشمیر میں مسلمانوں کی نسل کشی کا نوٹس لیتے ہوئے کشمیری مسلمانوں کے حقوق کیلئے کچھ کرنا چاہیے نہ کہ وہ ان کے زخموں پر نمک پاشی کرتے ہوئے ان کے قاتل کو اعزازات دے نوازیں