ٹائیگرفورس بلاتفریق پورے پاکستان میں سماجی خدمات انجام دیگی، چوہدری اعجاز جٹ
پیرس؍اسلام آباد(ایس ایم حسنین) پاکستان تحریک انصاف فرانس کے جنرل سیکرٹری چوہدری اعجاز جٹ نے ٹائیگرفورس کے بارے میں اپوزیشن کا ایجنڈا مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹائیگرفورس صرف تحریک انصاف نہیں بلکہ پورے ملک میں پاکستانیوں کو سماجی خدمات بہم پہنچائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ بے نظیر انکم سپورٹ اوروزیراعلیٰ آٹا اورسستی روٹی پراپنا نام لکھوانے والے ٹائیگر فورس کے نام سے خوف کھا رہے ہیں جبکہ انکم سپورٹ اورآٹے اورروٹیوں گھی دالوں پراپنا نام لکھوا کر بیچنے والوں کو جس طرح عوام نے مسترد کیا ہے انھیں اس سے سبق سیکھنا چاہیے اور ٹائیگرفورس جوکہ پورے ملک کی ضرورت ہے اس کے راستے میں روڑے اٹکانے کے بجائے اس میں حصہ لیں تاکہ مکمل لاک ڈائون سے قبل پورے ملک میں راشن اورضروریات زندگی کی تقسیم کیلئے وسائل اورذرائع موجود ہوں۔