پیرس(یس اردو نیوز)جو قومیں اپنے محسنوں کو بھول جاتی ہیں ناکامیاں اور مایوسیاں انکا مقدر بن جاتی ہیں، ترقی کا سفر کٹھن اور اقوام عالم میں تنہائی ایسی اقوام کو ترقی معکوس کے سفر پر لے جاتی ہے۔ مملکت خدادا پاکستان کے ساتھ بھی ایسا ہی معاملہ درپیش ہے، چور اور لٹیرے اقتدار پر قابض ہوکر تاریخ کو اپنے کارناموں سے روشن کرنے کے درپے ہیں اور وہ ہستیاں جنہوں نے ظالم ہندو ئوں کے چنگل سے مسلمانان ہند کیلئے الگ وطن اور خوبصورت نام کیساتھ بہترین جغرافیہ کی جدوجہد کی انہیں تاریخ کی کتابوں سے اوجھل کرنے کی سارشیں ہورہی ہیں جنہیں ہم کبھی پایہ تکمیل تک نہ پہنچنے دینگے۔ ان خیالات کا اظہار چوہدری اقبال خونن سینئر راہنما مسلم لیگ ق فرانس نے تحریک پاکستان کے سرگرم کارکن اور لفظ پاکستان کے خالق چوہدری رحمت علی کے148 ویں یوم پیدائش کے موقع پر کیاانہوں نے چوہدری رحمت علی کی روح کے ایصال ثواب کیلئے دعا کی اورمملکت خداداد پاکستان کیلئے انکی گرانقدر خدمات پر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔ان کا کہنا تھا کہ چوہدری رحمت علی کا جسد خاکی پاکستان نہ پہنچ پانا ایک المیہ ہے، چوہدری شجاعت حسین کی وزارت عظمی کے دور میں طارق عظیم کی ذاتی دلچسپی سے یہ کام پایہ تکمیل کو پہنچنے ہی والا تھا کہ ان دیکھی قوتوں نے اسے رکوا دیا۔ مقررین کا کہنا تھا کہ حکومت اس معاملے میں ذاتی دلچسپی لے اور قومی ہیرو کو اسکے وطن میں دفن کرے تاکہ اسے اپنے ہم وطنوں کی دعائوں کی قربت محسوس ہو جو کہ اسکا حق ہے۔ اس موقع پر تمام شرکا نے عہد کیا کہ وہ اس سلسلے میں اپنی اپنی استطاعت کے مطابق کام کریں گے اور اس فریضے کو پایہ تکمیل تک پہنچائیں گے۔