لالہ موسیٰ(جمیل احمدطاہر+عبدالرزاق بٹ) وفاقی پارلیمانی سیکرٹری دفاع وممبرقومی اسمبلی چوہدری جعفراقبال نے این ایچ اے افسران کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ لالہ موسیٰ جی ٹی روڈ کی خوبصورتی اور عوام کو درپیش مسائل کا حل میری اولین ترجیح ہے،این ایچ اے کے ذریعے 150ملین روپے کے فنڈزسے سروس روڈکو لالہ موسیٰ تاٹھیکریاں اور لالہ موسیٰ تاصادق آبادتک لے جایاجائے گا،تاکہ عوام سروس روڈ کی سہولت سے زیادہ سے زیادہ مستفیدہوسکیں،اس موقعہ پراین ایچ اے کے ممبر عبدالصمد،جی ایم این ایچ اے احمدبخش بھی موجودتھے،چوہدری جعفراقبال نے کہاکہ ٹھیکریاں اور لالہ موسیٰ شہرکے اندرجی ٹی روڈ پر اوورہیڈبرج بنائے جائیں گے جہاں سے پیدل عوام کے ساتھ ساتھ موٹرسائیکل بھی گزرسکیں گے،سروس روڈ پر اڈوں کی کوئی گنجائش نہیں،لالہ موسیٰ شہرمیں ’’بس بے‘‘ کو سروس روڈ سے ہٹاکر پیچھے لایاجائے گا تاکہ لوگ سروس روڈ سے بھرپوراستفادہ کرسکیں،انہوں نے کہاکہ سبزی منڈی تاڈارگڈزسروس روڈ کو ٹیکسی اسٹینڈکے خاتمہ کیلئے بندکیاگیاتھاجسے جلدکھول دیاجائے گا،ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ این ایچ اے کاکام جی ٹی روڈ کے ساتھ نالے بناناہے اس کی صفائی ٹی ایم اے کاکام ہے،جی ایم این ایچ اے احمدبخش نے کہاکہ این ایچ اے ٹھیکریاں اور لالہ موسیٰ میں دواوورہیڈبرج بنائے گاجس پر 28ملین لاگت آئے گی،جس کا ٹینڈراخبارات میں مشتہرہوچکاہے ،جبکہ جی ٹی روڈ کی لالہ موسیٰ شہرکی حدودمیں ری کارپٹنگ ،سروس روڈکے ایریامیں روڈ کے شولڈرزکی تعمیر،لالہ موسیٰ تاٹھیکریاں ،لالہ موسیٰ تاصادق آبادسروس روڈ کی تعمیرپرٹوٹل 150ملین لاگت آئے گی آنے والے دوماہ میں لالہ موسیٰ کا نقشہ تبدیل ہوناشروع ہوجائے گااور نوماہ میں یہ تمام کام مکمل ہوجائیں گے،انہوں نے کہاکہ این ایچ اے کی حدودمیں تجاوزات کا خاتمہ چاہتے ہیں ہم نے کئی شہروں میں تجاوزات کیخلاف آپریشن کئے ہیں اور جہاں جہاں این ایچ اے کی جگہ پرتجاوزات موجودہیں وہاں ضرورآپریشن ہوگا۔