محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کی بارہویں برسی پر چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا لیاقت باغ جلسہ جمہوری تاریخ میں نیا باب رقم کریگا، چوہدری جہانگیر نواز
اوسلو؍اسلام آباد(ایس ایم حسنین) پاکستان پیپلز پارٹی ناروے کے صدر چوہدری جہانگیر نواز نے محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کی بارہویں برسی پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ اسلامی دنیا کی عظیم خاتون راہنما کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے جرات اوربہادری کی ایسی مثالیں قائم کیں جن کی کوئی نظیر آج کی دنیا میں نہیں ہے۔
انہوں نے میڈیا سے خصوصی گفتگو میں کہا کہ عظیم راہنما محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے لیاقت باغ جلسہ میں چیئرمین بلاول بھٹو زرداری جمہوری تاریخ میں نیا باب رقم کرنے جارہے ہیں۔ پاکستان سے دہشتگردوں کے صفایا کے بعد پاکستان کا بدترین آمر بھی اپنے انجام کو پہنچ چکا ہے۔ جو لوگ پیپلز پارٹی کو محترمہ شہید کے قاتلوں کی گرفتاری کا طعنہ دیا کرتے تھے۔ محترمہ شہید کے قاتل کو سزائے موت ہوئی تو ان کی تلملاہٹ پوری دنیا کو نظر آچکی ہے ۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے جیالے اپنی عظیم راہنما کو خراج تحسین پیش کرنے اور اس کے بیٹے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے دست وبازو بننے کیلئے دنیا بھر سے لیاقت باغ جلسہ میں پہنچیں گے اور یہ عظیم الشان جلسہ بی بی کے قاتلوں کے انجام تک پہنچنے کے بعد منعقد کیا جارہا ہے اس لئے انشااللہ 27 دسمبر کو لیاقت باغ میں چیئرمین بلاول بھٹو زرداری جمہوریت بہترین انتقام کے بیانیے کے امر ہونے کاا علان بھی کرینگے۔