پیرس، 27 اکتوبر مظلوم کشمیریوں کی حمایت میں مظاہرہ، پاکستانی وکشمیری کمیونٹی کومتحرک کرنے کیلئے صدر پیپلز پارٹی فرانس چوہدری محمد رزاق ڈھل کی بھرپور کوششیں جاری
پیرس؍اسلام آباد(ایس ایم حسنین) پاکستان پیپلز پارٹی فرانس کے صدر چوہدری محمد رزاق ڈھل نے پاکستانی وکشمیری کمیونٹی پرزور دیا ہے کہ 27 اکتوبر کومظلوم کشمیریوں کی حمایت میں ہونے والے مظاہرے میں بھرپور شرکت یقینی بنائیں۔ اس مقصد کیلئے چوہدری محمد رزاق ڈھل کی تمام مذہبی ، سیاسی وسماجی جماعتوں کے راہنمائوں سے بالمشافہ ملاقاتیں جاری ہیں۔ انھوں نے کمیونٹی میں ہر سطح پر ملاقاتوں کا سلسلہ بڑھاتے ہوئے تمام کمیونٹی کو ذاتی طور پر مدعو کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی وکشمیری کمیونٹی میں دراڑ کی کوئی کوشش کامیاب نہیں ہونے دی جائیگی۔ کشمیر صرف ہمارا نہیں اب پوری دنیا کا مسئلہ ہے بھارت کو اگر اب مل کر نہ روکا گیا تو اسکے دہشتگردانہ عزائم پوری دنیا پراثرات ڈالیں گے۔ اس مقصد کیلئے پوری دنیا میں پاکستانیوں کو اتحاد کا پیغام دینے کی اشد ضرورت ہے اس لئے تمام سیاسی وسماجی راہنمائوں کو ساتھ ملا کر پاکستانی وکشمیری کمیونٹی کو متحد کرنے کا مشن جاری رکھوں گا۔
انھوں نے انٹرنیشنل پیس فورم فرانس کے اتحاد کے جذبے کو سراہتے ہوئے تمام کمیونٹی پر زور دیا ہے کہ ان کا دست وبازو بنیں اور مظاہرے کو بھرپور کامیاب بنائیں۔