اسلام آباد(اصغر علی مبارک سے ) چیئرمین سینٹ میاں رضاربانی نے کہا ہے کہ ملازمین کسی بھی ادارے کے لیے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں ۔ ملازمین کی فلاح و بہبود اور حقوق کا تحفظ کرنا ادارے کا بنیادی فرض ہوتا ہے۔ ایوان بالاء واحد ادارہ ہے جس نے ملازمین کی فلاح و بہبود ،حقوق کی فراہمی اور قانونی تحفظ کے حوالے سے قانون سازی کی اور قواعد مرتب کرکے ان کا نفاذ عمل میں لایاگیا۔ ان خیالات کا اظہار میاں رضاربانی نے ایوان بالا کے سٹاف کے اعزاز میں دیئے گئے ظہرانے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔میاں رضاربانی نے کہا کہ جب سے چیئرمین کا منصب سنبھالا تو ملازمین کو خاص طور پر نچلے درجے کے ملازمین جو مختلف مسائل کا شکار تھے پرخصوصی توجہ دی گئی اور ان تین سالوں کے دوران کافی حد تک ان کی مشکلات کو نہ صرف دو رکیا بلکہ ان کی فلاح وبہبود کی راہ میں حائل رکاوٹیں بھی ختم کی گئیں اور اس حوالے سے ہر ممکن اقدام اٹھایا گیا۔ بیسمنٹ میں کام کرنے والے سینٹ کے کچھ ملازمین کو تو سی بلاک منتقل کردیا گیا ہے جبکہ اگلے تین ماہ میں باقی سٹاف بھی وہاں سے منتقل ہوجائے گا۔ انہوں نے سیکرٹری سینٹ اور سینٹ سٹاف کا سینٹ کی کاروائی کو زیادہ سے زیاد ہ موثر بنانے کے حوالے سے بھرپور تعاون پر شکریہ اداکیا۔انہوں نے کہا کہ بے شمار حقدار سٹاف کو اگلے گریڈوں میں پروموشن دے دی گئی ہے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ نئے آنے والے چیئرمین سینٹ و ڈپٹی چیئرمین سینٹ بھی سٹاف کی فلاح وبہبود و قانونی تحفظ کا خیال رکھیں گے۔ اس موقع پر سیکرٹری سینٹ امجد پرویز ملک نے چیئرمین سینٹ میاں رضاربانی کا ملازمین کی فلاح وبہبود اور سٹاف کیساتھ تعلقات کو فروغ دینے اور عام ملازمین کو چیئرمین تک رسائی دینے پر شکریہ ادا کیا ۔انہوں نے کہا کہ میاں رضاربانی کے دور میں سٹاف کی فلاح وبہبودکے حوالے سے جو اقدامات اٹھائے گئے وہ قابل تعریف ہیں۔گریڈ 1تا 16کے ریٹائرڈ ہونے ملازمین کے بچوں کو نوکری دینا ،رمضان میں چھوٹے ملازمین کو رمضان پیکج فراہم کرنا ،عید ملن پارٹی ودیگر کئی اہم نئی روایات قائم کی گئیں۔ جس سے سٹاف کے اعتماد میں اضافہ ہوا۔ ظہرانے میں ڈپٹی چیئرمین سینٹ مولانا عبد الغفور حیدری، سینیٹرز کامل علی آغا ، بیرسٹر مرتضیٰ وہاب، ستارہ ایاز ، فرحت اللہ بابر ، محمد جاوید عباسی ، میر کبیر احمد محمد شاہی ، حاصل خان بزنجو ، ڈاکٹر جہانزیب جمالدینی ، مفتی عبدالستار ، الیاس احمد بلور ، تنویر الحق تھانوی ، نسرین جلیل اور نجمہ حمید کے علاوہ دیگر پارلیمنٹریرین اور ایوان بالاء کے جملہ ملازمین نے شرکت کی۔