اسلام آباد(اصغر علی مبارک) چیئرمین کشمیر کمیٹی مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر حل کیے بغیر خطے میں قیام امن کا خواب شر مندہ تعبیر نہیں ہو سکتا۔ ۔تنا زعہ کشمیر کا واحد حل اقوام متحدہ کی قراردادوں میں مضمر ہے۔ ہندوستان تمام تر مظالم کے باوجود کشمیریوں کی حق خود ارادیت کے حصول کے لئے پر امن تحریک کو نہ پہلے دبا سکا ہے اور نہ ہی آئندہ وہ کشمیریوں کی حق کے لئے بلند ہونے والی آواز کو دبا سکے گا ۔تحریک آزادی کشمیریوں کی ازخود جلائی ہوئی شمع ہے بھارت کشمیریوںکی پر امن جدوجہد آزادی کو دہشت گردی سے جوڑنے کی ناکام کوشش کر کے دنیا کی آنکھوں میں دھول نہیں جھونک سکتا۔پاکستانی حکومت ،عوام حق خود ارادیت کی اس تحریک میں کشمیری بھا ئیوں کے ہمقدم ہیں اور کسی بھی لمحے بھائیوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے ۔آزادی کے حصول تک کشمیریوں کی سیاسی ،سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سر ی نگر سے آئے ہوئے سنیئر حریت رہنما اور جموں و کشمیر سالویشن موومنٹ کے چیئر مین ظفر اکبر بٹ کی قیادت میں ملنے والے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔وفد میںمعروف کشمیری رہنما الطاف احمد بٹ،ڈا کٹر ولید رسول ، سردار عظیم اور شیخ عبدالمتین بھی شامل تھے ۔وفد سے گفتگو کرتے ہوئے چیئر مین کشمیر کمیٹی مولابا فضل الرحمان نے کہا کہ بین القوامی قانون کے مطابق کشمیری عوام حق خودارادیت کے حصول کے لیے جہدوجہد کر رہے ہیں اور بھارتی حکومت طاقت کے زور پر انکی اس جہدوجہد کودبا رہی ہے لیکن کشمیری عوام نے اپنے خون کے ذریعے آزادی کی شمع کو روشن کیا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تاریخی طور پر ریاست جموں وکشمیر کبھی بھی بھارت کا حصہ نہیں رہا بھارت کا کشمیر پر قبضہ تقسیم بر صغیر کے اصولوں کے خلاف ہے۔انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی قراردادیں مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے بہتر ین روڈ میپ ہیں، کشمیری عوام 70 سالوں سے اقوام متحدہ کی راہ دیکھ رہے ہیںاب وقت آ گیا ہے کہ اقوام متحدہ اور عالمی برادری کشمیر پر اپنی خاموشی تو ڑیںاور کشمیریوں کو ان کا پیددائشی حق حق خود ارادیت دلانے کے لئے عملی اقدا مات کریں ۔انہوں نے کہا کہ بھارت مقبو ضہ کشمیر میں کشمیریوں سے نفسیاتی طور پر شکست کھا چکا ہے اور بد حواسی کے عالم میں آئے روز ورکنگ باونڈری اور کنٹرول لائن پر سول آبادی کو نشانہ بنا رہا ہے لیکن ایسے اوچھے ہتھکنڈے ہمیں کشمیریوں کی حمایت جاری رکھنے سے نہیں روک سکتے ہمارے دل کشمیریوں کے ساتھ دھڑ کتے ہیں اور آزادی کی منزل کے حصول تک انہیں تنہا چھوڑنے کا تصور بھی نہیں کر سکتے۔اس موقع پر حریت رہنما ظفر اکبر بٹ نے انہیں مقبوضہ کشمیر کی تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کیا اور کہا کہ ہندوستان نے تمام تر ہتھکنڈے اور حربے آزما لیے لیکن کشمیری عوام کے جذبے میں کمی نہیں آئی اور وہ اپنے پیدائشی حق کے حصول کے لئے ہر طر ح کی قر بانی کا عہد کیے ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بھارتی سیکورٹی فورسز مظلوم کشمیریوں پر مہلک ہتھیاروں کا استعمال کر رہی ہیں پیلٹ گن کے ذریعے کشمیریوں کوبینائی سے محروم کیا جا رہا ہے اس طرح کے ظالمانہ بھارتی اقدامات پر عالمی برادری ،اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کے عاالمی اداروں کی خاموشی لمحہ فکریہ ہے۔انہوں نے کہ مظلوم کشمیری عوام تاریخ کا عظیم جہاد کر رہے ہیں اور تمام تر مظالم کے باوجود ان کا عزم جوان ہے اور وہ تھکے نہیں انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کی توجہ کا محور و مر کز ہے اور پاکستان ان کے خون میں شامل ہے لیکن ہم کو پاکستان سے کو ئی تواناآواز نہیںآتی ،حکومت پاکستان کو کشمیریوں کی آواز کو پوری قوت کیساتھ دنیا تک پہنچانا ہو گا۔انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان کو مقبوضہ کشمیر کے عوام پر ہونے والے مظالم اور تنا زعہ کشمیر کے حل کے لئے عالمی سطح پر جاندار انداز میں کشمیریوںکا مقدمہ پیش کرکے دنیا کی آواز کو اپنے ساتھ ملا کر بھارت پر دبائو ڈالنا ہو گا تا کہ وہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے سنجیدگی اختیار کرتے ہوئے مذا کرات کی میز پر آئے ۔انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو بھی از خود کشمیر کے حوالے سے خاموشی توڑنا ہو گی اورمسئلہ کشمیر کے حل کے لئے کردار اداکرناہوگا کیوں کہ خطے میں پائیدار امن کے لئے مسئلہ کشمیر کا حل نا گزیر ہے ۔