اسلام آباد: سابق وزیراعظم نوازشریف کا کہنا ہے کہ چیئرمین نیب کی حالیہ پریس ریلیز کو سنجیدگی سے لے رہے ہیں کیوں کہ یہ معاملہ چھوٹا نہیں ہے بلکہ بہت سنگین ہے۔
کمرہ عدالت میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نوازشریف کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) کی سی ای سی کا اجلاس آج بلایا ہے، اجلاس میں چیئرمین نیب کا معاملہ بھی زیر بحث لایا جائے گا، نیب کے طرف سے حالیہ پریس ریلیز کو سنجیدگی سے لے رہے ہیں، اجلاس کا مقصد چیئرمین نیب والا معاملہ زیر بحث لانا ہے، یہ معاملہ چھوٹا نہیں ہے بلکہ بہت سنگین معاملہ ہے۔ نواز شریف کا کہنا تھا کہ اس سے زیادہ حالات اور کتنے گھمبیر ہونگے، جو یہ سب کر رہے ہیں راستہ بھی انھوں نے ہی نکالنا ہے، پارٹی صدارت سے مجھے فارغ کیا اور تاحیات نا اہل کیا گیا، کبھی مارشل لا کے دور میں بھی ایسا نہیں ہوا۔