اسلام آباد: چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے اپنے اعلان کے مطابق بدعنوانی سے متعلق خود شکایات سننے کا آغاز کردیا۔
نیب ہیڈ کوارٹرز میں جسٹس (ر) جاوید اقبال نے فرداً فرداً شکایت کنندگان کی بدعنوانی سے متعلق شکایت توجہ اور اطمینان کے ساتھ سنی اور بعض شکایات پر موقع پر ضروری احکام جاری کیے۔ انھوں نے یقین دلایا کہ شکایات پر نیب کے قانون کے مطابق عمل کیا جائے گا کیونکہ وہ ’’احتساب سب کے لیے‘‘ کی پالیسی پر یقین رکھتے ہیں تاکہ ملک سے بدعنوانی کے خاتمے کے علاوہ بدعنوان عناصر کو قانون کے مطابق انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے۔ واضح رہے کہ چیئرمین نیب نے ذمے داریاں سنبھالنے کے بعد اعلان کیا تھا کہ وہ ہر ماہ کی آخری جمعرات کو 2 بجے سے لے کر 4 بجے تک عوام کی شکایات سنیں گے۔