اسلام آباد: تحریک انصاف نے الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا ہے کہ وفاقی و صوبائی سیکرٹریز داخلہ کا تبادلہ، چیئرمین نادرا کو برطرف کیا جائے۔ مرکزی سیکرٹری اطلاعات فواد چوہدری نے چیف الیکشن کمشنر کو خط میں کہا ہے کہ غیر جانبدارانہ، منصفانہ اور شفاف انتخابات کا انعقاد آئینی تقاضا اور الیکشن کمیشن کا بنیادی فریضہ ہے۔
چاروں چیف سیکرٹریز اور آئی جیز کے تبادلوں کا فیصلہ قابل قدر ہے۔ تاہم محض یہ تبادلے ہی انتخابات کی شفافیت کیلئے کافی نہیں۔انتخابات کی صحت و ساکھ کیلئے کمیشن وفاقی و صوبائی سیکرٹریز داخلہ/ ہوم سیکرٹریز کے فوری تبادلوں کیلئے کارروائی کرے۔ الیکشن کمیشن نادرا سے حساس معلومات کے لیک ہونے کا بھی فوری نوٹس لے۔ الیکشن کمیشن سابق وفاقی وزیر داخلہ کے معتمد خاص بریگیڈیئر صدیق کے نادرا میں متعین کاظم نامی صاحبزادے کے اس میں کردار کی پڑتال کرے۔ سابق حکومت اور بعض حکومتی اداروں کے سربراہان کے مابین تشویشناک گٹھ جوڑ کا بھی سراغ لگایا جائے۔