اسلام آباد: موجودہ چیئرمین نیب کی ویڈیو سامنے آنے کے بعد ان کے عہدے پر رہنے یا نہ رہنے کے بارے میں بھی افواہیں گرم ہیں، وہیں حکومت ان کا دفاع کرتی دکھائی دے رہی ہے لیکن تحریک انصاف کے رکن اسمبلی ڈاکٹر عامر لیاقت حسین نے آئی ایس آئی کے سابق سربراہ کو چیئرمین نیب بنائے جانے کا امکان ظاہر کردیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے وزیرقانون فروغ نسیم نے ملاقات کی۔ ملاقات کے بعد فروغ نسیم کاکہنا تھا کہ چیئرمین نیب کیخلاف الزامات بے بنیاد ہیں، وزیراعظم نے کہاہے کہ حکومت چیئرمین نیب کو بلیک میل نہیں ہونے دے گی، وہ چاہتے ہیں کہ چیئرمین نیب کی سربراہی میں احتساب کا عمل جاری رہنا چاہیے۔
دوسری طرف حکومتی رکن اسمبلی ڈاکٹر عامر لیاقت حسین نے چیئرمین نیب کی تبدیلی کا عندیہ دیتے ہوئے نیا نام بھی بتادیا۔ ٹوئٹر پر عامر لیاقت حسین نے ذرائع کے حوالے سے لکھا کہ سابقہ ڈی جی آئی ایس آئی جنرل شجاع پاشا کو نیب چیئرمین بنائے جانے کا امکان۔عامر لیاقت کے اس ٹوئیٹ پر زوار بٹ نے لکھا کہ ’’فی الحال جب تک نیب میں موجودہ چند اہم شخصیت کخیلاف چلنے والی انکوائری جو اختتامی مراحل میں ہیں انکے ریفرنس نہیں دائرہ نیب کرلیتی تب تک چیئرمین نیب تبدیل نہیں ہوگا اور اپوزیشن چاہتی ہے ریفرنس سے پہلے پہلے چیئرمین تبدیل ہو‘‘۔ صائمہ جبار نے استفسار کیا کہ ’’ اپوزیشن اس نام پر کیسے متفق ہوسکتی ہے ، جو کہ قانون کے مطابق لازم ہے ‘‘۔ عامر لیاقت حسین کے ذرائع کی خبر بادی النظر میں درست دکھائی نہیں دیتی لیکن اس پر سوشل میڈیا صارفین کی طرف سے طرح طرح کے تبصرے جاری ہیں۔