حکومت پاکستان نے سمندر پار پاکستانی فاؤنڈیشن کے بورڈ آف گورنر کو بیرون ملک مقیم پاکستانی کمیونٹی کی فلاح بہبود کیلئے نئی اصلاحات لانے کیلئے اختیارات دے دیئے ہیں جن کا مقصد بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی مدد اور شراکت سے ان کی فلاح و بہبود کو ممکن بنایا جائے۔
بیریسٹر امجد ملک، چیئرمین بورڈ آف گورنرز، سمندر پار پاکستانی فاؤنڈیشن نے پیرس میں مقیم پاکستانی کمیونٹی اور پاکستانی میڈیا کے نمائندؤں سے سفارت خانہ پاکستان، پیرس میں ملاقات کی۔ اس موقع پر سفیر پاکستان برائے فرانس جناب معین الحق بھی موجود تھے۔
بیریسٹر ملک نے پاکستانی کمیونٹی کو او پی ایف بورڈ آف گورنرز کے نئے قیام، ترجیحات اورمستقبل کے منصوبوں کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ او پی ایف بیرون ملک مقیم کمیونٹی کو تیز اور موثر سہولتیں فراہم کرنے کیلئے دوبارہ فعال ہو چکا ہے۔ جن میں آن لائن شکایات کا اندراج کرانے کا نظام متعارف کرانے کے ساتھ ساتھ تمام بین الاقوامی ہوائی اڈوں پر سہولت ڈیسک قائم کیئے جا چکے ہیں اور مستحق خاندانوں کو مالی معاونت کی رقم بھی بڑھائی جاچکی ہے۔
انہوں نے پاکستانی کمیونٹی کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ کمیونٹی نے پاکستان کے مثبت امیج کو دنیا میں نمایاں کرنے کے ساتھ ساتھ پاکستان کی معاشی ترقی میں بذریعہ ترسیلات زر اضافہ کرنے میں اپنا حصہ ڈالا ہے۔
ملاقات کے دوران پاکستانی کمیونٹی کے ممبران نے اپنے مفید مشورے بھی پیش کیئے جو مستقبل میں حکومتی خدمات کے حصول کیلئے مدد گار ثابت ہو سکتے ہیں۔ جن کا باقاعدہ اعلان اس سال کے آخر میں سمندر پار پاکستانی کنوینشن میں متوقع ہے۔
بیریسٹر امجد ملک نے قونصل خانہ کا دورہ بھی کیا جہاں سفارت خانہ کی طرف سے اعلی درجے کی خدمات اور آنے والے درخواست گزاروں کو فراہم کردہ سہولتیں جن میں کام کی نوعیت کے مطابق علیحدہ علیحدہ کاونٹر، خودکار فوٹوگرافک مشین، الیکٹرانک ڈیٹا سسٹم اور صارفین کیلئے ریفرشمنٹ پوائنٹ اپر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے قونصل خانہ کے تربیت یافتہ اور با اخلاق عملہ کی کارکردگی کو سراہا۔