اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اسد قیصر قومی اسمبلی کے سپیکر منتخب ہو گئے ہیں اور حلف برداری کی تقریب کے دوران اور بعد تک ن لیگی اراکین کی جانب سے شدید احتجاج اور نعرے بازی کی گئی اور اس دوران چیئرمین پی ٹی آئی پیچھے بیٹھے مسکراتے اور ہنستے رہے۔
تفصیلات کے مطابق ایاز صادق نے اسد قیصر سے حلف لینا شروع کیا تو ن لیگی اراکین کی جانب سے ایوان میں احتجاج شروع کردیا گیا اور ”ووٹ کو عزت دو“، ” چوری کا مینڈینٹ نامنطور نامنظور“ کے نعرے لگائے گئے، اسد قیصر نے سپیکر کی نشست سنبھالنے کے بعد ہنگامہ آرائی کے باعث اجلاس پندرہ منٹ کیلئے ملتوی کردیا۔ اجلاس ملتوی ہونے کے بعد ن لیگی اراکین نے عمران خان کی نشست کے سامنے آ کر احتجاج شروع کر دیا تاہم اس موقع پر عمران خان بیٹھے شیریں مزاری کے ساتھ گفتگو کرتے رہے اور مسکراتے رہے۔