اسلام آباد: چیرمین سینیٹ میاں رضاربانی نے مسلم لیگ (ن) کے سینیٹرنہال ہاشمی کی درخواست پر ان کا استعفٰی نامنظور کرلیا ہے۔
Chairman Senate has rejected the resignation of Nihal Hashmi
سینیٹ کے اجلاس کے آغازپرچیرمین میاں رضا ربانی نے نہال ہاشمی کے استعفے سے متعلق رولنگ دیتے ہوئے کہا کہ نہال ہاشمی نے سیکرٹری سینیٹ کے دفتر میں آکر اپنا استعفیٰ پیش کیا، سیکرٹری سینیٹ نے بتایا کہ سینیٹر نے استعفیٰ دیگر افراد کے ہمراہ جمع کرایا، مجھے یکم جون کو آرڈر جاری کرنے کی فائل دی گئی، میں نے نہال ہاشمی کو 5 جون کو اپنے چیمبر میں یہ دیکھنے کے لیے طلب کیا کہ کیا ان کا استعفیٰ رضاکارانہ اور اس پر دستخط اصل ہیں۔
چیرمین سینیٹ نے رولنگ دی کہ نہال ہاشمی نے 6 جون کو میرے چیمبرمیں آکر درخواست دی اور زبانی بھی کہا کہ وہ اپنا استعفیٰ واپس لینا چاہتے ہیں، جس پر نہال ہاشمی کی استعفیٰٗ واپس لینے کی درخواست منظور کرلی گئی، جب تک کوئی رکن پارلیمنٹ چیئرمین کے سامنے ذاتی طورپرحاضر ہو کر اپنے استعفے کی تصدیق نہیں کرتا تو استعفیٰ منظور نہیں ہو سکتا۔ واضح رہے کہ متنازع تقریرمنظرعام پر آنے کے بعد حکومت نے نہال ہاشمی کی پارٹی رکنیت معطل کرتے ہوئے انہیں سینیٹ کی نشست سے استعفیٰ دینےکی ہدایت کی تھی ، جس پر نہال ہاشمی نے اپنا استعفیٰ سینیٹ میں جمع کرادیا تھا تاہم بعد میں انہوں نے اپنا استعفیٰ واپس لینےکی درخواست کی تھی۔